9 مئی حمزہ کیمپ حملے میں ملوث 30 ملزمان کی شناخت پریڈ مکمل
اٹک ڈسٹرکٹ جیل میں ملزمان کی شناخت گواہوں کی نشاندہی پر ہوئی، واقعے میں مجموعی طور پر 72 ملزمان گرفتار ہیں
9 مئی کو حمزہ کیمپ حملے میں ملوث 30 ملزمان کی شناخت پریڈ مکمل کرلی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران حمزہ کیمپ پر حملے میں ملوث 30 ملزمان کی گواہوں کی نشاندہی کے نتیجے میں شناخت پریڈ مکمل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کی شناخت پریڈ اٹک ڈسٹرکٹ جیل میں کی گئی۔ واضح رہے کہ حمزہ کیمپ پر حملے کے الزام میں 72ملزمان گرفتار ہیں، جن میں سے 21 کو حملے کے وقت موقع سے پکڑا گیا تھا۔
پہلے مرحلے میں 42 ملزمان کی شناخت پریڈ کروائی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ نیو ٹاؤن میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔ مقدمے میں سابق صوبائی وزیر راجا راشد حفیظ نامزد ملزم ہیں۔