امریکا اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہوچکا مقررین

مختلف تنظیموں کے احتجاجی مظاہرے ،ریلیاں نکالی گئیں،مذہبی جماعتوں نے آج سندھ بھر میں احتجاج کا بھی اعلان کردیا۔

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنان احتجاج کے دوران امریکی جھنڈا نذر آتش کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

فدائیان ختم نبوت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ السید عقیل انجم قادری نے کہا ہے کہ امریکا نے آزادی اظہار و جمہوری آزادی کے نام پر اسلام اور اہل اسلام سے صلیبی جنگ شروع کررکھی ہے۔

حقیقت یہ ہے امریکا اسلام کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت اور حقانیت سے خوفزدہ ہوچکا اور بوکھلاہٹ میں اسلام دشمنی پر اتر آیا ہے،گستاخانہ امریکی فلم سے اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی، توہین رسالت و اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو تحفظ دینا اسی سلسلے کی کڑی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف فدائیان ختم نبوت پاکستان کے تحت پریس کلب کے باہر کیے گئے احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مظاہرے سے علامہ شیخ عمران الحق نورانی، علامہ عبدالرحمٰن نورانی، مفتی غلام غوث بغدادی،علامہ جیلان شاہ، علامہ اشتیاق نورانی، علامہ غلام مصطفٰی سعیدی،علامہ محمد رمضان تونسوی، علامہ قاضی عبدالقادر صدیقی ، محمدشکیل قاسمی ودیگر نے بھی خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ اب بہت ہوچکا ،مذہبی جماعتیں امریکی سفیر کی ملک بدری اور امریکی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کیلیے موثر تحریک چلائیں، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے اعلان کیا ہے کہ گستاخانہ فلم کے خلاف جمعہ 21ستمبر کو دنیا بھر میں یومِ احتجاج منایا جائے گا اور پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سمیت دنیا بھر کے ممالک میں ''لبیک یا رسولؐ '' ریلیاں نکالی جائیں گی۔


انھوں نے مطالبہ کیا کہ صدر آصف زرداری اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اپنا دورہ امریکا منسوخ کریں اور پاکستانی سفیر کو امریکا سے فی الفور واپس بلایا جائے اور امریکی سفیر کو ملک سے نکالا جائے،علاوہ ازیںسنی اتحاد کونسل نے گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاجی تحریک کو تیز تر کرنے کے لیے منگل 18ستمبر کو تنظیماتِ اہلسنّت کا ہنگامی مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے،اجلاس کی صدارت سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کریں گے۔ اجلاس میں اہلسنّت کی 40سے زائد جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے، اہلسنت و الجماعت کے رہنمائوں علامہ اورنگزیب فاروقی، ڈاکٹر محمد فیاض و دیگر نے کہا ہے کہ توہین رسالتؐ پر مبنی امریکی فلم کھلی دہشت گردی اور عالم اسلام کیخلاف جارحیت ہے۔

جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر مفتی محمدابراہیم قادری نے کہا ہے کہ عاشقان رسولؐ نبی آخرالزمانؐ کی حرمت و ناموس اور تقدس کے تحفط کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،کراچی کے مختلف علاقوں میں مظاہروں اور اجتماعات سے مفتی رفیع الرحمن نورانی، علامہ بشیر القادری، علامہ محمد جہانگیر صدیقی،پروفیسر انوار احمد شیخ، علامہ السید عقیل انجم قادری ودیگر نے خطاب کیا ، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی اور سینئر نائب صدر مولانا حسین مسعودی نے مطالبہ کیا ہے کہ توہین آمیز فلم پر فوری پابندی عائد کی جائے،مسلم سربراہان مملکت، او آئی سی اور اقوام متحدہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں، تنظیم المدارس اہلسنّت پاکستان کے زیرِاہتمام مدارسِ اہلسنّت کا ایک نمائندہ اجتماع دارالعلوم نعیمیہ میں مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت منعقد ہوا ۔

اجلاس میں امریکا میں توہینِ رسالت پر مبنی فلم کے اجرا سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پرغور کیا گیا، اجلاس کے آخر میں مفتی منیب الرحمن نے فیصلوںکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ اِس مجرمانہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو روکنے کے لیے قانون سازی کی جائے اور اِس کے مجرموں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 29ستمبر بروز ہفتہ دوبجے دن اہلسنّت وجماعت کی جانب سے ''لبّیک یارسول اللہ ''کے پرچم تلے نورانی چورنگی ایم اے جناح روڈ سے عظیم الشان تاریخ ساز تحفظِ ناموسِ مصطفی ریلی نکالی جائیگی،جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ گستاخانہ دل آزار فلم انتہائی ناپاک سازش ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story