مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال

تعلیم ، ثقافت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے خواہاں ہیں، مریم نواز


ویب ڈیسک May 30, 2023
فوٹو: ایکسپریس

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مریم نوازشریف نے جاتی امرا آمد پر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں شخصیات کے درمیان باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی شراکت داری رہی ہے، پاکستانی طالب علموں کی تعلیم کے لیے آسٹریلیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

رہنما ن لیگ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ، ثقافت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانا چاہیے، دوطرفہ تجارت کا فروغ دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث بن سکتا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں مشترکہ سرگرمیوں سے نوجوانوں کو بہتر ماحول فراہم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں موجود پاکستانی دونوں ممالک میں تعلقات کی مضبوطی کا ایک ذریعہ ہیں۔

مریم نواز شریف نے کورونا وبا کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے مریم نوازشریف کو پارٹی عہدے ملنے پر مبارک پیش کی اور ملاقات کے لیے وقت دینے پرشکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں