حیدرآباد میں طوفانی بارش اور شدبد ژالہ باری 4 بچے جاں بحق
جامشورو میں طوفانی بارش کے دوران دیوار گرنے سے تین جبکہ سانگھڑ میں ایک بچی جاں بحق ہوئی
سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد سمیت مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس کے دوران مختلف حادثات میں چار بچے جاں بحق ہوگئے۔
حیدرآباد اور اُس سے ملحقہ علاقوں میں طوفانی بارش کے دوران ٹینس بال جتنے آدھا کلو وزن تک کے اولے گرے جس کے نتیجے میں گاڑیوں کے شیشے اور چھتیں ٹوٹ گئیں۔
بارش کے دوران تیز ہوائیں چلنے سے درخت اکھڑ گئے جبکہ طوفانی بارش کی وجہ سے کوٹری میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق ہوگئے۔
علاوہ ازیں سانگھڑ میں دیوار گرنے سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔ اُدھر مٹھی میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کی وجہ سے ہائی ٹینشن لائن کا ٹاور گر گیا جس کے باعث چار گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
اُدھر جامشورو میں آدھے گھنٹے کی برسات نے شہر بھر میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں درخت گرنے سمیت مختلف واقعات میں دس افراد بھی زخمی ہوئے۔ اطلاعات كے مطابق جامشورو اور گردونواح ميں صبح سے ہي كبھي تيز تو كبھی ہلکی بارش كا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا تاہم سہ پہر تين بجے كے بعد تيز طوفانی ہواں كے دوران موسلادھار بارش اور شديد ژالہ باری سے شہريوں كے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوكر رہ گئے۔
وزنی اور موٹے اولے پڑنے سے مختلف جگہ پر گاڑيوں ، گھروں كے شيشوں ، ٹين كي چھتوں ، چھتوں پر لگي سولر پليٹيوں كو نقصان پہنچا۔
جامشورو كي تحصيل كوٹری كے علاقے ببر اسٹاپ پر ايک گھر كي ديوار گرنے سے ديوار كے قريب كھيلنے والي دو بچياں اور ايک بچہ جاں بحق ہوگئے جن ميں 6 سالہ عاصمہ بنت محمد عرفان كابورو،8 سالہ فرحانہ بنت علي مردان اور10سالہ محمد يوسف ولد محمد حنيف شامل ہيں۔
ژالہ باری سے زخمی ہونے والوں میں گل محمد كاشان، علی رضا، محمد ہاشم، گل محمد ابراہيم اور حميد سميت ديگر شامل ہیں۔زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر بلاول اسپتال منتقل کیا گیا۔