پاکستان نے اپنا دُکھڑا آئی سی سی کو سنا دیا

پی سی بی نے گریگ بارکلے کے سامنے ایشیا کپ، ورلڈکپ اورچیمپئنزٹرافی 2025کے معاملات پراپنا موقف بھرپورانداز میں پیش کردیا


Sports Reporter May 31, 2023
بھارت میں میگا ایونٹ کیلیے ٹیم بھیجنے کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر عمل پیرا ہونے کا موقف دہرا دیا۔ فوٹو: پی سی بی

پاکستان نے اپنا دکھڑا آئی سی سی کے سامنے رکھ دیا جب کہ ایشیا کپ، ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی 2025کے معاملات پر اپنا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔

بھارتی ٹیم کے رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت کیلیے پاکستان آنے سے انکار کی وجہ سے کئی انٹرنیشنل ایونٹس کے معاملات الجھ کر رہ گئے ہیں،ایک پیچیدہ صورتحال میں پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل پیش کی تھی جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 5میچز پاکستان جبکہ باقی کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز دی گئی تھی۔

مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ ہائبرڈ ماڈل سے عدم اتفاق کی صورت پاکستان کی حکومت بھی اپنی ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت، آئی سی سی چیف کو یقین دہانی درکار

دوسری جانب بی سی سی آئی نے بھی آئی پی ایل فائنل کے موقع پر موجود ایشین کرکٹ کونسل کے ارکان کے ساتھ میٹنگ میں واضح موقف اختیار کیا کہ پورا ایونٹ کسی ایک ہی ملک میں ہونا چاہیے، یواے ای میں سخت گرمی کے پیش نظر سری لنکا میں مقابلوں کے انعقاد پر زور بھی دیا جارہا ہے، حتمی فیصلہ تو اے سی سی ایگزیکٹیوز میٹنگ میں ہونا ہے جس میں پی سی بی بھی شریک ہوگا تاہم ایشیاکپ، ورلڈکپ اور پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025کے معاملات ایک، دوسرے کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے پیچیدہ صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔

اس دوران آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو ایلر ڈائس کی گزشتہ روز لاہور آمد انتہائی اہمیت کی حامل ہے، دونوں آفیشلز دبئی سے علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچے تو انھیں سخت حفاظتی حصار میں ہوٹل تک پہنچایا گیا، قذافی اسٹیڈیم آمد پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مہمانوں کا استقبال کیا،اس موقع پر ہونے والی میٹنگ میں ایشیا کپ اور اس سے جڑے معاملات پر بھی بات ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیاکپ پر بھارتی ہٹ دھرمی برقرار، حتمی فیصلہ اے سی سی کرے گی

ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے بھارت جانے کے معاملہ پر پی سی بی اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ میگا ایونٹ میں شرکت کیلیے اپنی حکومت کی ہدایات پر عمل کریں گے، پی سی بی نے آئی سی سی کے فنانشل ماڈل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تاہم آمدن میں پی سی بی کا حصہ بڑھانے پر بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، پی سی بی اور آئی سی سی حکام کے درمیان مذاکرات بدھ کو دوبارہ ہوں گے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش نے ایشیا کپ کے معاملے میں اے سی سی کے فیصلے کو حتمی قرار دیدیا،بی سی بی کے چیئرمین کرکٹ آپریشنز جلال یونس کا کہنا ہے کہ ہماری دلچسپی ایشیائی ایونٹ میں شرکت ہے، کوئی بھی ماڈل اپنایا جائے ہم کھیلنے کیلیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ، بھارت جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی، پی سی بی چیف

اگر اے سی سی ارکان اتفاق رائے سے مقابلے یواے ای میں کروانے کا فیصلہ کرتی ہے تو ہمیں وہاں کھیلنا ہوگا، اصل توجہ ورلڈکپ ہونے کی وجہ سے یہ امارات میں ایونٹ کے حوالے سے پریشانی ہے، میگا ایونٹ کی تیاری کے پیش نظر ہی یواے ای میں نہیں کھیلنا چاہتے مگر فیصلہ اے سی سی کا ہی ہوگا جس کا انتظار کررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں