کراچی میں پولیس وین اور ڈمپر میں تصادم پولیس افسر جاں بحق

پولیس اہلکار سرکاری ڈیوٹی پر کچے کے علاقے کشمور سے ڈیوٹی انجام دے کر واپس کراچی آرہے تھے

پولیس اہلکار سرکاری ڈیوٹی پر کچے کے علاقے کشمور سے ڈیوٹی انجام دے کر واپس کراچی آرہے تھے

ٹریفک حادثات میں پولیس افسر اور ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

جاں بحق پولیس افسر اور اہلکار آر آر ایف بلدیہ نیول ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھے اور اندرون سندھ کشمور میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کر کے واپس آرہے تھے ۔

تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب پولیس وین اور ڈمپر میں تصادم کے نتیجے میں وین میں سوار پولیس افسر جاں بحق اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

متوفی کی لاش اور زخمی کو ابتدائی طور پر بقائی ٹول پلازہ اسپتال لے جایا گیا جہاں سے متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔


پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے پولیس افسر کی شناخت سب انسپکٹر 50 سالہ محمد سفر ملاح ولد محمد عرس ملاح کے نام سے کی گئی ، متوفی پولیس افسر اور زخمی اہلکار ریپڈ ریسپانس فورس کے نیول بلدیہ ٹاؤن ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہیں ۔

سرکاری ڈیوٹی پر کچے کے علاقے کشمور سے ڈیوٹی انجام دے کر واپس کراچی آرہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے ۔

ادھر مبینہ ٹاؤن کے علاقے گلشن اقبال نیپا سے موسمیات کی جانب جاتے ہوئے تیز رفتار گاڑی ڈرائیو سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور وہاں سوئے ہوئے 25 سالہ شخص کو کچل دیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گاڑی اور ڈرائیور کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا جبکہ متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی ، پولیس کے کا کہنا ہے کہ متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے سردخانے منتقل کر دی ۔
Load Next Story