خوف کی شکار بھارتی فوج نے سرحد پر نہتے شہری کو دہشتگرد سمجھ کر قتل کردیا

واقعہ جموں کے علاقے سامبا کی سرحدی چیک پوسٹ پر پیش آیا

فائرنگ کا واقعہ جموں کے علاقے سامبا کی سرحد پر پیش آیا؛ فوٹو: فائل

بھارتی فوج اور بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے چیک پوسٹ پر ایک نہتے شہری کو دہشت گرد سمجھتے ہوئے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کے علاقے سامبا کی ایک چیک پوسٹ پر بھارتی فوج اور بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے نہتے شہری کو روک لیا اور اسے صفائی کا موقع دینے کے بجائے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

بھارتی فوج کی فائرنگ میں نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جس کے بعد تلاشی لی گئی تو نوجوان کے پاس اسلحہ یا کوئی بھی ممنوعہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔ لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا اور نوجوان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔


بھارتی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشکوک شہری کو رکنے کی ہدایت کی لیکن وہ چیک پوسٹ کی جانب بڑھتا رہا۔ ہائی الرٹ جاری ہونے کے سبب اہلکاروں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔ اگر کوئی اہلکار غفلت میں ملوث پایا کیا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ سرحد پر بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے شہری کی ہلاکت کا یہ پہلا موقع نہیں اس سے قبل بھی بوکھلاہٹ اور خوف کے شکار بھارتی فوج کے اہلکار معصوم شہریوں کو دہشت گرد سمجھ کر قتل کرچکے ہیں۔

 
Load Next Story