پاک ایران سرحد پر کیچ میں چیک پوسٹ پر حملہ دو سیکیورٹی اہلکار شہید

شہدا میں 34 سالہ سپاہی حسنین اشتیاق ساکن ڈیرہ غازی خان اور 27 سالہ سپاہی عنایت اللہ ساکن جھل مگسی شامل ہیں


ویب ڈیسک June 01, 2023
(فوٹو : فائل)

بلوچستان کے پاک ایران سرحدی علاقے کیچ میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے پاک ایران بارڈ سے ملحقہ ضلع کیچ کے علاقے سنگوان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس پر دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پیچھے کی جانب دھکیل دیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دو جوان شہید ہوگئے جن میں سپاہی حسنین اشتیاق عمر 34 سال ساکن ڈسٹرکٹ ڈیرہ غازی خان اور سپاہی عنایت اللہ عمر 27 سال ساکن ڈسٹرکٹ جھل مگسی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ ملے، سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں سرحدوں پر امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں