جذبہ خیرسگالی ملیرجیل سے200بھارتی ماہی گیر رہا
رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا
ملیرجیل سے رہائی پانے والے 200بھارتی ماہی گیروں کو ٹرین کے ذریعے لاہور روانہ کر دیا گیا، ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ملیر جیل سے رہائی پانے والے 200 بھارتی ماہی گیروں کوکینٹ اسٹیشن سے علامہ اقبال ایکسپریس کے ذریعے لاہور روانہ کر دیا گیا، جنہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
کینٹ اسٹیشن پر ایڈمنسٹریٹر فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے تمام ماہی گیروں میں کھانے پینے کی اشیاء اورتحفے تحائف تقسیم کیے اور ماہی گیروں کو اجرک اور ایف سی ایس کی کیپ بھی پہنائی گئی۔
ایڈمنسٹریٹر فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے ماہی گیر غربت کی لکیرسے نیچے زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمندر میں کوئی سرحد یا کوئی لکیر نہیں ہے جس سے ماہی گیروں کو پتہ چل سکے کہ وہ اپنے ملک کی حدود میں ہیں یا نہیں، ہوا کے دباؤ اور طوفانوں کی وجہ سے وہ سمندری حدود پارکرجاتے ہیں، اس لیے دونوں ملکوں کو چاہیے کہ ماہی گیروں کے لیے قانون میں نرمی کریں۔
زاہد ابراہیم بھٹی نے مزید کہا کہ غلطی سے سمندری حدود پار کرجانے والے ماہی گیروں کو گرفتاری کے بعد چند ماہ میں انکوائری مکمل کر کے جلد ان کے ملک کے حوالے کیا جانا چاہیے تاکہ غریب ماہی گیروں کے خاندانوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انسانی ہمدردی کے تحت 500 بھارتی ماہی گیروں کو چند ماہ میں رہا کرنے کافیصلہ کیا جس کے تحت اب تک 400 ماہی گیروں کو رہا کیا جا چکا ہے جبکہ باقی ماہی گیروں کو بھی جلد رہا کر دیا جائے گا۔
زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا کہ اسی طرح بھارتی حکومت کو بھی جذبہ خیر سگالی کا مثبت جواب دیناچاہیے اور بھارتی جیلوں میں قید 97 پاکستانی ماہی گیروں کو بھی فوری طور پر رہا کر دینا چاہیے۔ انہوں نے ماہی گیروں کی روانگی میں تعاون کرنے پر ایدھی فاؤنڈیشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔