میر پور خاص3افراد کے قاتل سمیت متعدد ملزمان گرفتار 26موٹر سائیکلیں برآمد

ڈکیتی میں مزاحمت پر مارے گئے میاں بیوی اور بچی کے قتل کا ملزم مقتولین کا رشتے دار ہے، لوٹے گئے زیورات اورآلہ قتل برآمد

ڈکیتی میں مزاحمت پر مارے گئے میاں بیوی اور بچی کے قتل کا ملزم مقتولین کا رشتے دار ہے، لوٹے گئے زیورات اورآلہ قتل برآمد. فوٹو:فائل

لاہور:
پولیس نے گزشتہ دنوں ڈکیتی کی واردات میں مارے گئے میاں بیوی اور بچی کے ایک اور قاتل سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے26 موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔


ایس ایس پی میرپورخاص ظفر اللہ دھاریجو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل جوہر کالونی میں لوٹ مار کی واردات میں 3 ملزمان نے ریٹائرڈ مختارکار نور عالم، انکی بیوی مریم پلی اور5 سالہ نور فاطمہ کو قتل کر دیا تھا۔ ایک ملزمہ نسرین کو پولیس نے پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا، جس سے تفتیش کے بعد ایک اور ملزم مختار پلی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے لوٹے گئے طلائی زیورات، جن میں 3 چوڑیاں اور5 انگوٹھیاں شامل ہیں، جن میں سے ایک پر مقتولہ کا نام کنندہ ہے برآمد کر لیا، اس کے علاوہ دو کیمرے، ایک کمپیوٹر اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان مقتول خاتون کے رشتے دار ہیں۔

ایس ایس پی نے پولیس کی دیگر کارروائیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ 3 روز قبل کھپرو ناکہ پر زرعی ادویہ کی دکان پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 3 افراد گلفام بھرگڑی، اللہ ڈنو ماچھی اور محمد صدیق زخمی ہو گئے تھے، جبکہ جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو سلمان عرف زبیر یوسف زئی بھی زخمی ہو گیا تھا جسے گرفتار کر کے پسٹل اور گولیاں برآمد کیں، جب کہ اس کے مفرور 3 ساتھیوں رضوان بلوچ، عبداللہ بلوچ اور صدیق بلوچ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، چھینی گئی 26 موٹر سائیکلیں، منشیات برآمد کر لیں۔ ایک ہفتے کے دوران 13روپوش ملزمان کو بھی گرفتار کر کے عدالت میں چالان پیش کیا گیا۔
Load Next Story