کراچی میں حساس ادارے کے ریٹائرڈ افسر کے گھر میں ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی
پولیس نے ابتدائی تفتیش میں ڈکیتی کی واردات میں افغانی گینگ کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا
فیڈرل بی ایریا میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ریٹائرڈ آفسر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 8 مسلح ڈاکو ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی نقدی، غیر ملکی کرنسی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ اورجعمرات کی درمیانی شب گلبرگ تھانے کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 10 میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ریٹائرڈ آفسر کے گھر میں 8 ملزماں گھر میں داخل ہوئے اور گھر میں سوئے ہوئے افراد کو اسلحہ کے زور پریرغمال بنانے کے بعد 32 لاکھ روپے، 365 امریکی ڈالر، 3 طلائی زیوارات کے سیٹ، 6 طلائی چوڑیاں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
گلبرگ پولیس کے مطابق ریٹائرڈ آفسر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات رات ساڑھے 3 بجے سے رات ساڑھے 4 بجے کے درمیان ہوئی جبکہ پولیس کو ڈکیتی کی واردات کی اطلاع مددگار 15 پولیس کی جانب سے 5بجر50منٹ پر موصول ہوئی۔
پولیس کے مطابق ریٹائرڈ آفسر کی اہلیہ بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے میں ڈاکٹر ہے۔ پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات میں افغانی گینگ ملوث ہے، جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرنے کے بعد پولیس نے واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔