پاک بحریہ کے جہاز کا بحیرہ عرب میں ریسکیو آپریشن 6 ماہی گیروں کو بچالیا

الزبیر نامی کشتی انجن خرابی کا شکار ہوگئی تھی، تمام ماہی گیر طبی امداد کے بعد گوادر منتقل

فوٹو: پاک بحریہ

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے بحیرہ عرب میں معمول کی پٹرولنگ کے دوران امدادی کال پر کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے الزبیر نامی ماہی گیر کشتی پر سوار 6 ماہی گیروں کو بچالیا۔

ماہی گیروں کی کشتی انجن خرابی کا شکار تھی جبکہ طغیانی کے باعث سمندری پانی کشتی میں داخل ہورہا تھا، پی این ایس سیف نے رات گئے امدادی کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے مصیبت میں پھنسے 6 ماہی گیروں کو بحفاظت نکال لیا۔


ماہی گیروں کو جہاز پر طبی امداد کی فراہمی کے بعد گوادر منتقل کر دیا گیا، ماہی گیر برادری نے سمندر میں قیمتی جانیں بچانے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

پاک بحریہ جنگی تیاریوں کو ہمہ وقت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملکی سمندری سرحدوں میں مسلسل موجودگی اور سرگرمیوں کی نگرانی کے ذریعے سمندر میں زندگی کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اپنا موثرکردار ادا کررہی ہے۔
Load Next Story