9 مئی واقعات سندھ میں ایم پی او کے تحت گرفتار 14 افراد کو رہا کرنے کے احکامات

سیکریٹری داخلہ سندھ سید اعجاز علی شاہ کی سربراہی میں قائم ریویوکمیٹی کو 20 درخواستیں موصول ہوئی تھیں


ویب ڈیسک June 01, 2023
(فوٹو : فائل)

سندھ حکومت کا 9 مئی کے واقعات میں ایم پی او کے تحت زیر حراست 14 افراد کو رہا کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے اس ضمن میں 14 افراد کو رہا کرنے کے الگ الگ احکامات جاری کیے ہیں۔ واضح رہے کہ ان افراد کو سڑکیں بلاک کرنے، دھرنے دینے پر اکسانے اور امن و امان میں خلل ڈالنے پر ایم پی او کے تحت کراچی کے مختلف اضلاع سے حراست میں لیا گیا تھا۔

رہائی کے لیے سیکریٹری داخلہ سندھ سید اعجاز علی شاہ کی سربراہی میں قائم ریویو کمیٹی کو 20 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے14 افراد کی رہائی کے احکامات جاری کیے گئے۔

ریویو کمیٹی میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی رینج ،ایڈیشنل سیکریٹری (جوڈیشل ) محکمہ داخلہ سندھ اور رجسٹرار اے ٹی سی / اے ٹی اے محکمہ داخلہ بطور رکن شامل ہیں۔ ایم پی او کے تحت زیر حراست افراد جن کو رہا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ان میں سید فرخ شاہ،سلمان محمدی،وقاص ،زید حسین،آصف کامران ،محمد عثمان،احمد، منصف علی،عبدالباسط ،کمال الدین،محمد فیصل،ایم فاروق،مونا،اور فوزیہ صدیقی شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری احکامات میں لاڑکانہ ،سکھر ،میرپور خاص ،خیرپورمیرس ،بدین، جیکب آباد اور نوشہروفیروز کے ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹس کو کہا گیا ہے کہ اگر یہ افراد کسی اور مقدمے میں مطلوب نہ ہوں تو انھیں رہا کر دیا جائے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں