میٹا نے ایپل سے پہلے کویسٹ تھری وی آر ہیڈسیٹ پیش کرنے کا عندیہ دیدیا

میٹا ویب سائٹ نے یکم جون کو اپنی بلاگ ویب سائٹ پر کہا ہے کہ 128 جی بی کا وی آر ہیڈسیٹ 499 ڈالر میں فروخت کیا جائے گا

میٹا نے اپنے نئے وی آر ہیڈسیٹ کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ فوٹو: فائل

ورچول ریئلٹی ہیڈسیٹ کو خوب سے خوب ترپیش کرنے کی دوڑ میں میٹا نے ایپل سے پہلے ہی اپنا نیا ورچول ریئلٹی (مجازی حقیقت یا وی آر) ہیڈسیٹ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایپل کی سالانہ تقریب سے پہلے ستمبر 2023 میں 128 جی بی کا وی آر ہیڈ سیٹ فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کی قیمت 499 ڈالررکھی گئی ہے۔ اسٹوریج بڑھانے سے اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ یہ کوئسٹ ٹو کے مقابلے میں قدرے ہلکا اور آرام دہ ہے۔

دی ورج ویب سائٹ کے دعویٰ کیا ہے کہ میٹا کا نیا ہیڈسیٹ آپٹک پروفائل میں 40 فیصد پتلا ہوگا۔ اسے تیزرفتار بنانے کےلیے اسنیپ ڈریگن چپ لگائی گئی ہے جو کوئسٹ ٹو کے مقابلے میں گرافکس کو دوگنا بہتر کرکے دکھاتی ہے۔


میٹا نے کہا ہےکہ یہ کوئیسٹ ٹو گیمز کی مطابقت میں ہے جس پر گزشتہ ورژن کے تمام گیمز کھیلے جاسکتے ہیں۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ میٹا نے چار جون سے کوئیسٹ ٹو کی قیمت کم کرکے 100 ڈالر سے 299 ڈالر کردی ہے جو 128 جی بی کے لیے ہے۔ جبکہ 256 جی بی کی قیمت میں 80 ڈالر کمی کرکے اسے 429 سے 349 ڈالر رکھی گئی ہے۔

لیکن کوئیسٹ ٹو کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ بھی آرہا ہے جو اس کی رفتار اور کارکردگی بڑھا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں گرم تھیں کہ ایپل کمپنی اپنا مکسڈ ریئلٹی ہیڈ سیٹ پیش کررہی ہے جو جلد متوقع ہے لیکن اس کے آفیشل اعلان سے پہلے ہی میٹا نے اپنے ہیڈسیٹ کی خبر افشا کردی ہے۔ 27 ستمبر کو باقاعدہ ایک تقریب میں کوئیسٹ تھری کو پیش کیا جائے گا۔

میٹا کے انجینیئروں نے کہا ہے کہ انہوں نے اس وی آر ہیڈسیٹ کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی تبدیلیاں بھی کی ہیں۔
Load Next Story