پولیس افسر شفیق تنولی پر حملہ کرنے والے بمبار کی شناخت معمہ بن گئی

خودکش بمبار کے فنگر پرنٹس کا نادرا کے پاس کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے ۔پولیس


Staff Reporter April 27, 2014
خودکش بمبار کے فنگر پرنٹس کا نادرا کے پاس کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے ۔پولیس، فوٹو :فائل

MULTAN: پی آئی بی کالونی میں پولیس افسر شفیق تنولی پر خودکش حملہ کرنے والے کی شناخت پولیس کے لیے معمہ بن گئی ۔

خودکش بمبار کی ملنے والی انگلیوں کے فنگر پرنٹس کا ریکارڈ نادرا کے پاس موجود نہیں ہے ، تفتیشی افسران نے مخبروں کو خودکش بمبار کے چہرے کی تصاویر دکھا کر ان سے بھی مدد طلب کرلی ، خودکش دھماکے کا تاحال مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا ، تفصیلات کے مطابق ایس ڈی پی او نیوٹاؤن ڈی ایس پی ناصر لودھی نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش بمبار کی شناخت کے لیے اس کے فنگر پرنٹس نادرا کو ارسال کیے تھے تاہم ان فنگر پرنٹس کا نادرا کے پاس کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے ۔

جس کے بعد اس بات کا قوی امکان ہے کہ خودکش بمبار کا تعلق قبائلی علاقے سے یا وہ غیر ملکی ہو تاہم خودکش بمبار کا ملنے والا چہرہ جس کا عقبی حصہ دھماکے میں غائب ہوگیا تھا اس کی سرجری کی گئی ہے اور بعدازاں جو شکل سامنے آ رہی ہے وہ ازبک اور افغانی معلوم ہوتا ہے جبکہ اس کے چہرے پر داڑھی بھی ہے اور عمر تقریباً 25 سے 28 سال کے قریب ہے ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کی تاحال شناخت کا نہ ہونا پولیس کے لیے ایک چیلنج بنا ہوا ہے اور تفتیشی افسران سر جوڑ کر خودکش بمبار کی شناخت کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور اس حوالے سے انھوں نے خودکش بمبار کے چہرے کی تصاویر بنا کر اپنے مخبروں کو بھی دکھائی ہیں اور انھیں یہ پیشکش بھی کی ہے کہ خودکش بمبار کی شناخت میں مدد فراہم کرنے پر معقول انعام دیا جائے گا ۔

پولیس افسر شفیق تنولی کو خودکش بم دھماکے میں نشانہ بنائے گئے 3 روز گزر گئے ہیں اور پولیس کی جانب سے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا اس حوالے سے پی آئی بی پولیس کا کہنا ہے کہ شفیق تنولی کے ورثا سے متعدد بار رابطہ کیا ہے تاہم ان کی جانب سے یہی جواب دیا گیا کہ وہ مقدمے کے اندراج کے لیے بڑوں سے مشورہ کر رہے ہیں تاہم تین روز گزرنے کے باوجود ان میں سے کوئی بھی تھانے نہیں آئے جس کے باعث مقدمہ درج نہیں ہو سکا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں