کراچی لیاری ایکسپریس وے پر نان اسٹاپ پیپلز بس سروس چلانے کا فیصلہ

شہر کی باقی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلیے کوشاں ہیں، صوبائی وزیر


ویب ڈیسک June 02, 2023
(فوٹو فائل)

سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد میں لیاری ایکسپریس وے پر نان اسٹاپ پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ کرن شیخ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے رکن منیر میمن، ڈی آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس جاوید علی مہر، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز، این آر ٹی سی حکام شعیب احمد، عبدالشکور آرائین اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس کی جانب سے لیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں لیاری ایکسپریس وے پر ابتدائی طور پر ٹیسٹ بس چلانے اور سروس شروع کرنے کے حوالے سے سروے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے پر پیپلز بس سروس چلنے سے باقی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ سندھ حکومت عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 11 جون تک ٹیسٹ بس سروس اور سروے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔