سپریم کورٹ پاناما پیپرز میں 436 پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کی درخواست سماعت کیلیے مقرر
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے2016ء میں پاناما پیپرز میں نام آنے پر پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کی درخواست دائر کی تھی
سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز میں 436 پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کے لیے دائر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 9 جون کو درخواست کی سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین خان بینچ کا حصہ ہوں گے۔
اس حوالے سے سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 2016ء میں پاناما پیپرز میں سامنے آئے 436 پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
ان 436 پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کے لیے عدالت سے رجوع کرنے والے ایک درخواست گزار ایڈووکیٹ طارق اسد فوت ہو چکے ہیں۔