بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں کشمیری نوجوان شہید

گزشتہ ماہ 10 کشمیری نوجوان کو شہید کیا گیا جب کہ کل بھی ایک نوجوان کو شہید کیا گیا تھا


ویب ڈیسک June 02, 2023
نوجوان کو ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں نوجوان کو شہید کردیا جب کہ گزشتہ ماہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں 10 کشمیری نوجوانوں نے جام شہادت نوش کی تھی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری نوجوان کی شہادت کا واقعہ ضلع راجوڑی میں پیش آیا جہاں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی۔

اس دوران قابض بھارتی فوج کے اہلکاروں نے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی، بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان کو شہید کردیا۔

کٹھ پتلی بھارت نواز حکومت نے نوجوان کی شہادت کو مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھا اور اہلکاروں نے اپنے دفاع میں گولی میں چلائی۔ نوجوان کا تعلق عسکریت پسند گروپ سے ظاہر کیا گیا۔

دوسری جانب شہید نوجوان کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے حکومتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ نوجوان طالب علم اور نہتا تھا جس کا کسی گروپ سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی فوج نے 10 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا جب کہ اس ماہ کے آغاز میں ہی ایک نوجوان کو دہشت گرد سمجھ کر چیک پوسٹ پر بارڈر سیکیورٹی فورس نے قتل کردیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں