بجٹ میں ای او بی آئی کی پنشن بڑھنے کا امکان

ای او بی آئی (ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹی ٹیوشن) کے پینشنرز کی ماہانہ پینشن اس وقت 8500 روپے ہے


Ehtisham Mufti June 02, 2023
(فوٹو : انٹرنیٹ)

نئے وفاقی بجٹ میں ای او بی آئی (ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹی ٹیوشن) کے پینشنرز کی ماہانہ پینشن کی رقم 8500 سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ جاری معاشی و مالیاتی بحران کی وجہ سے پینشن کی رقم 10 ہزار سے زائد نہیں بڑھائی جائے گی، فی الوقت پینشنرز کو 8500 روپے ماہانہ پنشن دی جارہی ہے۔

اسی حوالے سے ای او بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ڈاکٹر جاوید شیخ نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے ادارے کے بورڈ کی جانب سے کنٹری بیوشن کی مد میں 33.5 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن ادارے نے ملکی تاریخ میں پہلی بار مئی 2023ء میں ہی مقررہ کی بہ نسبت 36 ارب روپے کنٹری بیوشن میں وصولیاں کی ہیں جبکہ جون 2023 میں مزید 4 ارب روپے کنٹری بیوشن کی مد میں وصول ہوجائیں گی اس طرح سے رواں مالی کے اختتام تک ای او بی آئی کی کنٹری بیوشن کی مد میں وصولیاں مقررہ ہدف سے 30 فیصد بڑھ جائیں گی۔

ڈاکٹر جاوید شیخ نے بتایا کہ ادارے میں ریٹائرمنٹس کے بعد نئی بھرتیاں نہ ہونے سے ای او بی آئی صرف 40 فیصد افرادی قوت کے ساتھ خدمات انجام دے رہا ہے، ای او بی آئی کے 90 فیصد پینشن کیسز نمٹا دئیے گئے ہیں اور ای او بی آئی کے 4 لاکھ 30 ہزار رجسٹرڈ پینشنرز کو ماہانہ 4ارب روپے سے زائد مالیت کی پینشن کی ادائیگیاں کی جارہی ہیں اس طرح سے یہ قومی ادارہ رجسٹرڈ عمر رسیدہ پینشنرز کو سالانہ پینشن کی مد میں مجموعی طور پر 52ارب روپے کی ادائیگیاں کررہا ہے۔

انہوں ںے بتایا کہ ادارے نے تمام رجسٹرڈ پینشنروں کو باقاعدہ کارڈز جاری کیے ہیں جس کے ذریعے وہ کسی بھی شہر یا علاقے میں اے ٹی ایم مشین اور دیگر ایزی پیسہ سہولیاتی مرکز سے اپنی پینشن کی رقم باآسانی نکال سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔