کراچی میں قلفی کی تیاری اور فروخت بڑے کاروبار کی شکل اختیار کرگئی

مہنگائی کے سبب قلفی میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت رواں برس50 فیصد اضافہ ہوا ہے


عامر خان April 27, 2014
صدر :کاریگردکان میں قلفی کی تیاری میں مصروف ہیں یہاں قلفی لچھوں کے ساتھ پلیٹ میں پیش کی جاتی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی میں گرمیوں کے سیزن کا آغاز ہوتے ہی قلفی کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے اورلوگ گرمی کے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے جہاں ٹھنڈے مشروبات استعمال کرتے ہیں وہیں دوپہر کے علاوہ رات کے وقت میں بھی لوگ شوق سے قلفی کھاتے ہیں۔

گرمی کا موسم بہت سے بے روزگار افراد کے لئے روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ بنتا ہے اور 8 ماہ کے لئے کراچی میں قلفی کی فروخت کا کام عروج پر ہوتا ہے، ایکسپریس نے کراچی میں قلفی کی فروخت کے حوالے سے سروے کیا، سروے کے دوران قلفی تیار کرنے والے کاریگر شفیق احمد نے بتایا کہ کراچی میں قلفی کی فروخت کا سیزن مارچ میں شروع ہوتا ہے جو اکتوبر تک جاری رہتا ہے، کراچی میں قلفی دکانوں کے علاوہ اسٹالوں اور ٹھیلوں پر فروخت کی جاتی ہے، قلفی کی فروخت کے پیشے سے40 فیصد اردو زبان بولنے والے،40 فیصد سرائیکی اور پنجابی اور20 فیصد دیگربرادریوں کے لوگ وابستہ ہیں۔

کراچی میں 5 ہزار سے زائد افراد ٹھیلوں پر قلفی فروخت کرتے ہیں اور تقریباً ایک ہزار سے زائد مقامات پر قلفی اسٹالوں اور دکانوں پر فروخت کی جاتی ہے، 1500سے زائد افراد سائیکل پر قلفی فروخت کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ کراچی میں قلفی کے بڑے مراکز لیاقت آباد، حسین آباد، ناظم آباد، گلشن اقبال، طارق روڈ، صدر، گارڈن اور کھارادر سمیت دیگر علاقوں میں واقع ہیں جہاں دن کے علاوہ رات کو بھی قلفی فروخت کی جاتی ہے، انھوں نے بتایا کہ گرمیوں کے موسم میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کراچی آ کر قلفی فروخت کرنے کے کام سے وابستہ ہوجاتی ہے، انھوں نے بتایا کہ قلفی کی تیاری انتہائی محنت طلب کام ہے، اس کام کا آغاز صبح7 بجے کیا جاتا ہے اور10بجے تک قلفی تیار کرکے اس کی فروخت کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے جو رات گئے تک جاری رہتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مہنگائی کے سبب قلفی میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت رواں برس50 فیصد اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد قلفی کی قیمت میں بھی30 سے 50 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ قلفی بنانے کے ماہر کاریگر کا تعلق پنجاب کے ضلع ملتان سے ہے جو8 ماہ سیزن میں کمانے کے لیے کراچی آتے ہیں اور پھر سیزن گزار کر4 ماہ کے لیے اپنے آبائی علاقوں میں چلے جاتے ہیں،کراچی میں مشہور قلفی صدر، طارق روڈ، لیاقت آباد اور دیگر علاقوں میں ملتی ہے جہاں قلفی کے ساتھ مختلف اقسام کے لوازمات شامل کیے جاتے ہیں،اس سے قلفی کا ذائقہ نہ صرف منفرد ہو جاتا ہے بلکہ یہ کھانے میں انتہائی پسند کی جاتی ہے، کراچی میں قلفی کا کام اب ایک بڑے کاروبار کی شکل اختیار کر گیا ہے، شہر کے پوش علاقوں میں بھی اب قلفی کی فروخت کی بڑی بڑی دکانیں کھل گئی ہیں جہاں مختلف ورائٹی کی قلفیاں فروخت کی جاتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں