انسانی اسمگلنگ اور جعل سازی میں ملوث اشتہاری ملزمان گرفتار

ملزمان نے متاثرہ شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسا دے کر پیسے ہتھیائے، ایف آئی اے


ویب ڈیسک June 02, 2023
فوٹو: ایکسپریس

ایف آئی اے نے مختلف کارروائیوں میں انسانی اسمگلنگ اور جعل سازی میں ملوث ایک ملزمہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتا رکرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور نے ایک درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری ملزم شاہد شریف کو گرفتار کر لیا۔

ملزم شاہد شریف نے 2019 میں شکایت کنندہ سے سعودی عرب میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 4 لاکھ روپے ہتھیائے تھے اور روپوش ہوگیا تھا۔

ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل بہاولپور نے اشتہاری ملزم خادم حسین کو گرفتار کرلیا، ملزم نے 2017 میں شکایت کنندہ کے بیٹے کو بیرون ملک ملازمت دلوانے کے بہانے پیسے ہتھیائے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم خادم حسین کی گرفتاری متعدد چھاپوں کے بعد عمل میں آئی۔
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل بہاولپور ہی نے ایک اور کارروائی میں جعل سازی میں ملوث اشتہاری ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔

ملزمہ صائقہ نے جعل سازی کرتے ہوئے اپنے بیٹے کے نام، تاریخ پیدائش اور ولدیت میں ردوبدل کرنے کے بعد اس کا پاسپورٹ بنوایا۔

ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے لاہور زون کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم خضر حیات ولد غازی سید حسین خان کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 109,420,468,471اور r/w AMLA 3/4 ایکٹ 2010 کے تحت مقدمہ نمبری 37/2022 سال 2022 میں درج ہوا تھا، ملزم فرنچائز کے نام پر غلط سمیں اشو کرتا تھا جو بینکنگ فراڈ میں استعمال ہو رہی تھیں.

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں