بھارت میں مسافر اور مال بردار ٹرینوں میں تصادم 233 افراد ہلاک اور 900 زخمی
ریاست اڑیسہ میں مسافر ٹرین پٹری سے اتر کر مخالف سمت میں موجود مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی، حکام
بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع بالاسور میں مسافر ٹرین کے پٹڑی سے اترنے اور مال بردار ٹرین سے ٹکرا جانے سے 233 افراد ہلاک اور 900 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کے عہدیداروں نےنام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے، حادثہ انتہائی ہولناک تھا۔
اطلاعات کے مطابق کولکتہ سے چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس (مسافر ٹرین) پٹری سے اتری اور مخالف ٹریک پر گر گئی۔ رپورٹس میں کہا گیا کہ بہت سے لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔
ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کی جنرل منیجر ارچنا جوشی نے بتایا کہ میں ابھی تفصیلات اور ہلاکتوں کے اعداد و شمار پر تبصرہ نہیں کر سکتی، میں دہلی میں تھی اور جائے حادثہ پر جلدی سے جلد پہنچنے کی کوشش کررہی ہوں۔
دوسری طرف بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ افراد کو "ہر ممکن مدد" دی جا رہی ہے۔ مغربی بنگال کے چیف سکریٹری ایچ کے دویدی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ تصادم ایک "سنگین حادثہ" ہے۔