سی آئی اے چیف کا دورہ بیجنگ حکام سے خفیہ ملاقاتیں

سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے چینی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کے لیے گزشتہ ماہ چین کا دورہ کیا تھا

—فائل فوٹو

ایک امریکی اہلکار نے انکشاف کیا ہے کہ واشنگٹن بیجنگ کے ساتھ رابطوں کو بڑھانا چاہتا ہے اور اسی سلسلے میں سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے چینی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کے لیے گزشتہ ماہ چین کا دورہ کیا تھا۔


غیرملکی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گزشتہ ماہ ڈائریکٹر برنز نے بیجنگ کا سفر کیا جہاں انہوں نے چینی ہم منصبوں سے ملاقات کی اور انٹیلی جنس چینلز کو کھلا رکھنے پر زور دیا۔

فنانشل ٹائمز نے سب سے پہلے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کے دورے کی خبر دی۔ یہ خبر ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کشیدہ تعلقات کے درمیان واشنگٹن اور بیجنگ میں مختلف اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقاتوں کا شیڈول برقرار رکھنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔


سی آئی اے کی قیادت کرنے سے پہلے ایک تجربہ کار امریکی سفارت کار برنز نے ایجنسی کے سربراہ کی حیثیت سے درجنوں حساس بیرون ملک دورے کیے ہیں، جن میں روسی ہم منصبوں کے ساتھ ساتھ افغانستان میں طالبان کے ساتھ بات چیت بھی شامل ہے۔
Load Next Story