ایشیا چیمپئن شپ کے فاتح تن سازوں نے میڈلز شہدائے پاکستان کے نام کردیے
کراچی ایئرپورٹ پر تن سازوں کا پرتپاک استقبال، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی
اولمپیاء امیچر ایشیا باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد پاکستانی تن ساز وطن واپس پہنچ گئے، تن سازوں نے اپنے میڈلز شہدائے پاکستان کے نام کردیے۔
تھائی لینڈ کے شہر پتایہ میں منعقدہ سہ روزہ چیمپئن شپ میں پاکستان نے 33 کیٹگریز میں 18 میڈلز جیتے،مقابلوں میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ملائشیا سمیت 16 ممالک شریک ہوئے۔
پاکستانی تن سازوں نے 14 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے، فاتح کھلاڑیوں نے اپنے میڈلز شہدائے پاکستان کے نام کردیے۔
ایئرپورٹ آمد پر تن سازوں کا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے پرتپاک استقبال کیا گیا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
عدنان شیخ نے مینز فزیک میں گولڈ کیساتھ پرو کارڈ بھی اپنے نام کیا، خضر بٹ نے سینئر باڈی بلڈنگ میں گولڈ اور کلاسک فزیک میں سلور میڈل جیتا،سینئرز کے دو درجات میں محمد ذیشان نےگولڈ اور برانز میڈل جیتا،ناصر خان نے ماسٹر کیٹگری میں سلور اور فیشن ماڈل میں برانز میڈل جیتا جبکہ وجاہت جونیئر مینز فزیک میں گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
اسی طرح 19 سالہ نعمان نے بنچ پریس، ڈیڈلفٹ اور اسکواڈز میں گولڈ میڈلز جیتے،مبشر اور زین نے جونیئر باڈی بلڈنگ و جونیئر کلاسک فزیک میں گولڈ میڈلز جیتے ،جونیئر باڈی بلڈنگ و جونیئر کلاسک میں 23 سالہ وسیم بشیر نے 2 گولڈ میڈلز جیتے،عدنان شیخ نے مینز فزیک میں گولڈ کیساتھ پرو کارڈ بھی اپنے نام کیا،کلاسک فزیک کی ویٹ کیٹگری میں محمد ذیشان نے گولڈ میڈل جیتا، فیشن ماڈل فزیک میں شاہ زیب نے بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا۔
ناصر خان نے فیشن ماڈل اور مینز فزیک کیٹگری میں سلور و برانز میڈل جیتا، رمیز ابراہیم کو کم عمر ترین پاکستانی انٹرنیشنل جج بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا،رمیز ابراہیم کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔