اسلام آباد میں نوجوان کے قتل پر پی ٹی آئی کا اداروں کیخلاف پروپیگنڈا ناکام

قمر ریاض کو ناجائز تعلقات کے شبہ میں قتل کیا گیا، پولیس

قمر ریاض کو ناجائز تعلقات کے شبہ میں قتل کیا گیا، پولیس (فوٹو: فائل)

دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان کے قتل پر اداروں کیخلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا پروپیگنڈا ناکام ہوگیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں تشدد زدہ لاش ملی تھی جس کی شناخت قمر ریاض کے نام سے کی گئی، ابتدائی تحقیقات میں قتل غیرت کے نام پر ہونے کا شبہ تھا۔

اسلام آباد کیپیٹل پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ قمر ریاض کو خاتون سے ناجائز تعلقات کے شبہ میں خاتون کے شوہر نے قتل کیا، چاروں قاتل رمنا پولیس کی تحویل میں ہیں۔


آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے تصدیق کی ہے کہ خاتون کے شوہر نے ساتھیوں الطاف، اللہ ڈوایا اور وسیم کے ساتھ ملکر قمر ریاض کو قتل کیا تھا، پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت کی جانب سے جرائم کو سیاسی پراپیگنڈہ کے طور پر استعمال کرنا قابل مذمت ہے، جو افراد جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اصل ملزمان کی گرفتاری کے بعد سیاسی قتل کا رنگ دینے والے اب کہاں منہ چھپائیں گے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر سیاسی جماعت کے فالوورز کی جانب سے جی الیون میں قتل کیے گئے قمر ریاض کو حکومتی اداروں پر ڈالنے کی کوشش کی گئی۔

اوور سیز پاکستانیوں اور سوشل میڈیا ونگز کے ذریعے شور مچایا گیا کہ ریاست نے سیاسی کارکن کو حراست میں قتل کردیا۔
Load Next Story