کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں موجود کرمنل مافیا کو ختم کرکے دم لیں گے شرجیل میمن

پیپلزپارٹی کسی کو بے روزگارنہیں کرتی لیکن جو تنخواہ لے رہے ہیں وہ کام بھی کریں،شرجیل میمن


ویب ڈیسک April 27, 2014
سرکلرریلوے کے لئے سب سے بڑا چیلنج تجاوزات ہیں، شرجیل میمن، فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں ایک مافیا موجود ہے جو پیسے لے کر غیرقانونی کنکشن دیتا ہے لیکن واٹر بورڈ میں موجود کالی بھیڑوں کو ختم کرکے دم لیں گے۔

کراچی میں فیملی پارک کے افتاح کے موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ شہر میں مخصوص لینڈ مافیا نے کھیلوں کے میدانوں اور پارکس پر قبضے کررکھے ہیں، کہیں وہ انہیں کاٹ کاٹ کر بیچ رہی ہے اور کہیں اسے دیگر مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ کراچی سندھ کا دارالحکومت اور ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، یہاں کے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت ترقیاتی کاموں کو کبھی نہیں روکے گی، ہر ماہ کراچی کو 2 سے 3 فیملی پارکس کا تحفہ دیا جائے گا۔ لیاری ایکسپریس وے کو بھی جلد مکمل کرلیاجائے گا اس سلسلے میں جمعہ گوٹھ میں تجاوزات ختم کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ سرکلرریلوے کے لئے سب سے بڑا چیلنج تجاوزات ہیں، وزیر ریلوے نے وزیراعلیٰ سندھ کو سرکلرریلوے پرتعاون کا یقین دلایا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حب ڈیم میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کے ضلع غربی اور وسطی میں پانی کا بحران ہے جس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں ایک مافیا موجود ہے جو پیسے لے کر غیرقانونی کنکشن دیتا ہے۔ واٹر بورڈ میں موجود کالی بھیڑوں کو ختم کرکے دم لیں گے۔ پیپلز پارٹی کسی کو بے روزگارنہیں کرتی لیکن جو تنخواہ لے رہے ہیں وہ کام بھی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارباب غلام رحیم کو اسمبلی میں آنے سے کسی نے نہیں روکا درحقیقت وہ تھر کی شکست کو قبول نہیں کر پارہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں