سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوں ہزار کیس بنالیں فرق نہیں پڑے گا پرویزالہٰی
میری تمام ادویات بند کردیں اور سونے بھی نہیں دیتے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب
پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوں، ہزار کیس بنالیں فرق نہیں پڑے گا، میری تمام ادویات بند کی ہوئی ہیں، مجھے سونے نہیں دیتے، سب کو معلوم ہے کہ مقدمات کے پیچھے کون ہے۔
لاہور میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ آنے والے وقت میں پنجاب صرف پی ٹی آئی کا ہے، میری لیگل ٹیم بہت مضبوط ہے، سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوں، یہ میرے خلاف ہزار کیس بنالیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مزید پڑھیں: پرویز الہٰی عدالت میں پیش، ڈی جی اینٹی کرپشن کا جج پر جانب داری کا الزام
انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ مقدمات کے پیچھے کون ہے، ہمارے ساتھ بیٹھیں اور بتائیں کہ ملک کو کیسے آگے بڑھانا ہے جہاں ہم غلط ہوئے ہم اپنی اصلاح کرلیں گے، فوج ہمارا ادارہ ہے اور ہم اسکے ساتھ ہیں۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ میں تحریک انصاف کے تمام کارکنوں کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ ڈٹ کر کھڑے رہیں کیونکہ آپ حق پر ہیں اور آپ نے کوئی جرم نہیں کیا۔