کراچی میں شدید گرمی شہری بلبلا اٹھے آئندہ 5 روز تک گرم موسم کی پیش گوئی

شہرمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،گرمی سے تنگ شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پہنچ گئی


Staff Reporter April 28, 2014
گرمی سے تنگ شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پہنچ گئی۔ فوٹو: محمد نعمان/ایکسپریس

کراچی میں اتوار کو گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ دن بھر سورج آگ برساتا رہادرجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

شدید گرمی کے باعث شہری بلبلا اٹھے، شہریوں کی بڑی تعداد نے چھٹی والے دن گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلیے ساحل سمندر کا رخ کیا جبکہ مختلف پارکوں، گرین بیلٹس اور کھیل کے میدانوں میں بھی شہریوں نے درختوں کے سائے میں پناہ ڈھونڈی، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق گرمی کی لہر آئندہ 5روز تک جاری رہے گی، ماہرین طب کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں سبزیوں کے ساتھ دہی کا استعمال مفید ہے، بازاری اشیا سے اجتناب کیا جائے،جسم میں نمکیات کی کمی کی صورت میں ٹھنڈے مشروب پیے جائیں، تفصیلات کے مطابق اتوار کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پیر کو موسم گرم و خشک اور درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے متعلقہ افسران نے بتایا کہ ہفتہ کو درجہ حرارت 38ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ اتوار کو درجہ حرارت میں 2 درجے بڑھ جانے سے موسم شدید گرم رہا، موسم خشک رہنے سے سورج کی تمازت زیادہ محسوس کی گئی اور پورا دن شہریوں نے گرمی اور حبس میں گزارا، محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے وسط سے گرمی کا آغاز ہوگیا ہے اور ماہ جولائی تک موسم گرم رہے گا تاہم سمندری ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں کمی بیشی کا امکان ہے، جولائی میں برسات کے آغاز پر گرمی کی شدت میں کمی آئیگی، انھوں نے کہا کہ کراچی میں اس وقت مغرب سے ہوائیں آرہی ہیں جبکہ سمندری ہوائیں بالکل نہیں چل رہیں، اتوارکو کراچی میں گرمی کی شدت کم کرنے کیلیے بڑی تعداد میں شہری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ساحل سمندر پر آئے،

اس دوران منچلے نوجوانوں نے سمندر میں جاکر تیراکی کی جبکہ دیگر افراد نے سمندر کے کنارے بیٹھ کو موجوں سے لطف اندوز ہوتے رہے، چھٹی کے دن شہریوں کی اکثریت نے سی ویو، سینڈزپٹ، ہاکس بے ، کیپ مائونٹ، سونمیانی اور دیگر تفریحی مقامات پر گزارا جبکہ باغ ابن قاسم، چڑیا گھر، سفاری پارک اور مختلف پارکوں میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد دیکھنے میں آئی، گرمی کی شدت کے باعث شہر میں مشروبات بیچنے والوں کی چاندی ہوگئی اور لوگوں نے کولڈڈرنک ، گولا گنڈہ، ملک شیک لسی اور ستو کا شربت پی کر گرمی سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی جبکہ تربوز کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، علاوہ ازیں ماہرین طب نے کہا ہے کہ کراچی میںگرم موسم کی وجہ سے مختلف امراض جنم لے سکتے ہیں، گرمیوں میں پینے کے آلودہ پانی سے ہیضہ اور ڈائریا کا مرض لاحق ہوسکتا ہے۔

تیز دھوپ میں بچوں کو باہر نہ نکلنے دیں، گرمی کے موسم میں جسم سے پسینے خارج ہونے کا عمل جاری رہتا ہے جس کی وجہ سے نمکیات ضائع ہوتے رہتے ہیں، گرمیوں میں یومیہ 15 سے20 گلاس پانی یا گھرکے مشروبات پینے چاہئیں، گرمیوں میں بالخصوص خواتین کوپانی عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ پینا چاہیے،گرم موسم میں فریج میں رکھے باسی کھانوں سے اجتناب کیاجائے جبکہ ابلا ہوا پانی پینے کی عادت بنائی جائے، بازارکی اشیا سے اجتناب کیا جائے، رنگ برنگی گولا گنڈے انتہائی مہلک اورمختلف امراض کا باعث بنتے ہیں، ماہرین کا کہنا تھا کہ گرمیوں میں سبزیوںکے ساتھ دہی کااستعمال انتہائی مفید ہے، گرمیوں میں لو (ہیٹ اسٹروک) جسم سے پانی اور نمکیات خارج ہونے کی وجہ سے لگتی ہے، ایسی صورت میں متاثرہ افرادکو گھرکے مشروبات اور لیمو پانی کا استعمال مفید ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں