لاہور دبئی جانے والے مسافر سے 3 جعلی غیرملکی پاسپورٹ برآمد
ملزم ذیشان علی کے قبضے سے ماریشس کے 3 جعلی پاسپورٹ برآمد ہوئے، ترجمان ایف آئی اے
ایف آئی اے نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 3 جعلی غیرملکی پاسپورٹ برآمد کرلیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ذیشان علی نامی مسافر کو آف لوڈ کرکے اس کے قبضے سے ماریشس کے 3 جعلی پاسپورٹ برآمد کرلیے، گرفتار مسافر فلائٹ نمبر ER723 سے دبئی جا رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے آسٹریا کے ایجنٹ سے مذکورہ پاسپورٹس حاصل کیے تھے جن کے عوض اسے 35 لاکھ روپے ایجنٹ کو ادا کرنے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے دبئی سے ماریشس جانا تھا، جبکہ پاسپورٹ کے مطابق ملزم کے ترکی اور رومانیہ کے ویزے مسترد ہو چکے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم ذیشان علی کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔