جنوبی وزیرستان دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں فوجی جوان شہید

لانس نائیک محمد صابر بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا

(فوٹو فائل)

جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لدھا میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، اس دوران مسلح افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لانس نائیک محمد صابر بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا۔

فوجی جوان کی شہادت کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کردیا تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جاسکے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے. ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔


ایک روز قبل شہید ہونے والے دو جوانوں کی نماز جنازہ ادا

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں ایک روز قبل دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے لانس نائیک معراج الدین شہید اور نائیک ظہیر عباس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ شہدا کے اپنے اپنے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی جس کے بعد شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

جنازے میں سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران/ سپاہیوں، رشتہ داروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فوج تمام اندرونی/بیرونی خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کی بھرپور طاقت سے امن کو خراب کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔
Load Next Story