ٹی20 بلاسٹ پاکستانی اسٹارز کے انجرڈ ہونے کا خدشہ

شاہین شاہ آفریدی،نسیم شاہ،زمان خان اورشاداب خان سمیت ٹاپ کرکٹرز کو ورک لوڈ اور فٹنس مسائل سے بچنے کا چیلنج درپیش

شاہین شاہ آفریدی،نسیم شاہ،زمان خان اورشاداب خان سمیت ٹاپ کرکٹرز کو ورک لوڈ اور فٹنس مسائل سے بچنے کا چیلنج درپیش۔ فوٹو: فائل

ٹی20 بلاسٹ میں اہم پاکستانی اسٹارز کے انجرڈ ہونے کا خدشہ ستانے لگا۔

انگلش ٹی20 بلاسٹ میں پاکستانی کرکٹرز شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ،زمان خان، شاداب خان، اسامہ میر، حسن علی، محمد عباس،ظفر گوہر،شان مسعود اور حیدر علی شریک ہیں،پاکستان ٹیم کو جولائی میں سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز کھیلنا ہے، ستمبر میں ایشیا کپ، اکتوبر اور نومبر میں ورلڈکپ، دسمبر میں دورہ آسٹریلیا شیڈول ہے۔

آئندہ مصروفیات کے پیش نظر کرکٹرز کی فٹنس کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے مگر پی سی بی کی جانب سے اہم کھلاڑیوں کو بھی این اوسی جاری کردیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی اسٹارز نے ٹی20 بلاسٹ کو چار چاند لگا دیے

اس حوالے سے سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی خدشات سامنے آئے ہیں،شاہین شاہ آفریدی گزشتہ سال دورہ سری لنکا میں انجرڈ ہوئے جس کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل اور بعد کے کئی ماہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہنے پر مجبور ہوئے،شاداب خان بھی انجریز کا شکار رہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے دوران بھی زخمی ہوکر چند میچ باہر بیٹھ کر دیکھے۔


فارم اور فٹنس میں بہتری کیلیے قومی کرکٹرز کے 10جون سے نیشنل اکیڈمی لاہور میں شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں بھی کآنٹی کرکٹ اور لیگز کھیلنے والوں کو چھوٹ دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں شریک کرکٹرز میں سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، شاداب خان اور شان مسعود تو قومی ٹیم کا لازمی حصہ ہیں، پیسرز تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرتے ہیں،شاداب خان وائٹ بال کرکٹ میں نائب کپتان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 بلاسٹ؛ شاہین آفریدی کے چھکوں نے سماں باندھ دیا

شان مسعود بھی تینوں فارمیٹ کے اسکواڈز میں شامل ہوتے ہیں، اسامہ میر رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم ون ڈے سیریز میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کے بعد ابھی تک 6 میچز کھیلے اور ایشیا کپ و ورلڈکپ کیلیے ان کو مضبوط امیدوار خیال کیا جارہا ہے۔

زمان خان افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے منتخب ہوئے تھے تاہم مکی آرتھر اس صورتحال سے ذرا بھی پریشان نہیں، پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر نے خود بھی اپنی کآنٹی ڈاربی شائر کے ساتھ معاہدہ ختم نہیں کیا، شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ناٹنگم شائر 10دن میں 7میچ کھیلے، 24.5کی اوسط اور 9.1کے اکانومی ریٹ سے 10وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے پیسر کا ورک لوڈ زیادہ ہونے کی بات کی تو مکی آرتھر دفاع کیلیے میدان میں آگئے۔ انھوں نے جواب دیا کہ شاہین شاہ آفریدی نے 10دن میں 28اوورز کروائے ہیں، اگر انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہے تو کیا ان کو اس سے زیادہ کرنے کی ضرورت نہیں،ان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔
Load Next Story