کوئٹہ میں فائرنگ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف غداری کیس کے درخواست گزار وکیل جاں بحق

بار ایسوسی ایشن کا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

(فوٹو: فائل)

ائرپورٹ روڈ عالمو چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے سینئر وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئی ہے، جہاں پر وکلا کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے۔


وزیراعلیٰ بلوچستان نے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیا اور آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلووٴں کا جائزہ لے کر فوری رپورٹ پیش کی جائے۔

دوسری جانب کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینئر وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے قتل پر عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی و سول عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہیں ہوگا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے بتایا ہے کہ وکیل عبدالرزاق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے وکیل اور درخواست گزار تھے۔
Load Next Story