بشریٰ بی بی کا مقدمات کی تفصیلات گرفتاری رکوانے کیلیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع
عدالت کسی خفیہ مقدمے میں غیر قانونی گرفتاری سے بھی روکنے کا حکم جاری کرے، استدعا
بشریٰ بی بی نے پاکستان بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات اور گرفتاری رکوانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
بشریٰ بی بی نے انتظار پنجوتہ اور اعجاز بٹر ایڈوکیٹ کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں، تمام آئی جیز اور ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
بشریٰ بی بی نے موقف اپنایا کہ مصدقہ اطلاعات ہیں کہ میرے خلاف کئی فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں اور خدشہ ہے کسی بھی خفیہ مقدمے میں گرفتاری ہو سکتی ہے۔ اپنے خلاف درج تمام کیسز کی تفصیلات لینا آئینی اور قانونی حق ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ پاکستان بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرے، عدالت کسی خفیہ مقدمے میں غیر قانونی گرفتاری سے بھی روکنے کا حکم جاری کرے۔