افغانستانبم دھماکے میں بدخشاں صوبے کے گورنر ڈرائیور سمیت جاں بحق

دھماکے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے

افغان صوبے بدخشاں کے گورنر کار بم دھماکے میں ہلاک ہوگئے، فوٹو ؛ ٹوئٹر

افغنستان کے صوبے بدخشاں میں نگراں گورنر مولوی نثار احمد احمدی اور ان کا ڈرائیور کار بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئے جب کہ 10 افراد زخمی ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب گورنر بدخشاں ایک اہم میٹنگ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ کار بم دھماکا اتنا اچانک ہوا کہ ان کے محافظوں کو ردعمل دینے کا موقع نہیں مل سکا۔

مولوی نثار احمد احمدی بدخشاں کے ڈپٹی گورنر تھے اور اس وقت ان کے پاس گورنر کا عارضی عہدہ بھی تھا۔

صوبے بدخشاں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنر نثار احمد شدید زخمی ہوگئے تھے جو دوران علاج زیادہ خون بہہ جانے کے باعث جانبر نہ ہوسکے جب کہ ان کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔


ترجمان کے مطابق 10 زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

تاحال کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن افغانستان میں طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے حکومتی حکام، سرکاری عمارتوں اور امام بارگاہوں پر حملوں کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں بدخشاں میں ہی پولیس چیف کی گاڑی کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا تھا جس میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

 
Load Next Story