آئرس سسٹم و ٹھیکوں میں بے ضابطگیاں نیب نے نادرا سے ریکارڈ طلب کرلیا
نیب نے 6 جون 2023 تک ریکارڈ فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے
نادرا آئرس سسٹم و ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر نیب نے بھی تحقیقات شروع کرتے ہوئے نادرا سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
نیب نے آئرس سسٹم کی پروکیورمینٹ کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے جبکہ 3.5 ملین ڈالر ادائیگیوں اور پی سی 1 کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔
نیب نے پی سی 1 سے متعلقہ ٹینڈرز اور اخباری اشتہارات جبکہ نادرا کی جانب سے ٹھیکداروں کو فراہم کردہ قوائد ضوابط کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔
اسکے علاوہ نادرا آئرس سسٹم منصوبے میں شامل تمام افسران کی تفصیلات جبکہ منصوبے کے لیے ہونے والی بولی اور دیگر تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔ منصوبے کے مارکیٹ ریٹس، ریٹس موازنہ سمیت حتمی ادائیگیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔
نیب نے 30 ملین اسمارٹ کارڈ 30 ملین ڈالر میں خریدنے کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں جبکہ 30 ملین ڈالر منصوبے کے پی سی ون سمیت تمام ادائیگیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نیب نے 2020 سے نادار میں ہونے والی بھرتیوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔
مردم شماری کے لیے پاکستان ادارہ شماریات اور نادرا کے مابین معاہدے کی تفصیلات، مردم شماری سافٹ ویئر اور ڈیجیٹل ٹیبلیٹس فراہمی کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔ 2020 سے 2023 تک نادرا میں بحال ہونے والے افسران کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔
نیب نے 6 جون 2023 تک ریکارڈ فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔