حکومت پنجاب کا ’’اب گاؤں چمکیں گے“ پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ
دیہات میں عوام کو شہر کی طرز پر سہولیات فراہم کی جائیں گی
حکومت پنجاب نے دیہات میں عوام کو شہر کی طرز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ''اب گاؤں چمکیں گے" پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور صفائی کا مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا اور دیہات میں لوگوں کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔ پروگرام کے تحت گاؤں میں رہنے والوں کو برتھ، ڈیتھ سر ٹیفکیٹ، شادی اور طلاق رجسٹریشن کے لیے دور دراز نہیں جانا پڑے گا۔
ہر گاؤں میں چوکیداری کا بہترین نظام رائج کیا جائے گا اور گاؤں کی حالت سدھارنے کے لیے مقامی معززین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ گاؤں میں کمیٹی تشکیل دینے کا اختیار متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو حاصل ہوگا۔ ہر گاؤں سے وصول ہونے والا ریونیو گاؤں کی ہی بہتری پر خرچ ہوگا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے "اب گاؤں چمکیں گے" پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کو ٹاسک دے دیا ہے۔