سندھ اسمبلی میں کم عمر بچوں کی شادیوں پر پابندی کا بل اتفاق رائے سے منظور
قانون کی خلاف ورزی ناقابل ضمانت جرم جب کہ ملزمان کو 3 سال تک قیدِ بامشقت کی سزا دی جائے گی، بل کا متن
سندھ اسمبلی میں 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادیوں پر پابندی کا بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 3 سال تک قیدِ بامشقت کی سزا دی جائے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزیر روبینہ قائم خانی نے بچوں کی شادی پر پابندی کا بل پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ بل کے تحت 18 سال سے کم لڑکی سے شادی کرنے والے دلہا، ایسی شادی کے لئے سہولتیں اور انتظامات کرنے والے سرپرستوں یا والدین کو 3 سال قیدِ بامشقت کی سزا دی جائے گی جب کہ اس قانون کی خلاف ورزی ناقابل ضمانت جرم ہوگی۔
بل کے مطابق 18 سال سے کم عمر لڑکی کی شادی پر کوئی بھی شخص فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست دے سکے گا جس پر عدالت کارروائی کرے گی۔ بل کی منظوری کے وقت اپوزیشن کا کوئی رکن ایوان میں موجود نہیں تھا ۔
اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی میر نادر مگسی کا کہنا تھا کہ قانون تو بنائے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد اصل بات ہے، سندھ اور بلوچستان میں اب بھی کم عمری میں شادی کے 80 فیصد واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوتے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کے ہر اشتہار میں کم عمری میں شادی کی ممانعت کے بل کی تشہیر کی جائے گی۔