کراچی میں سورج آگ برسانے لگا درجہ حرارت 41 ڈگری پر پہنچنے پرشہری بلبلا اٹھے

اپریل کے آخر میں گرمی کی شدت میں اضافہ معمول کی بات ہے اور گرمی کی لہر آئندہ دو روز مزید جاری رہے گی، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک April 28, 2014
گرمی سے بچنے کے لئےمختلف پارکوں میں بھی شہریوں نے درختوں کے سائے میں پناہ ڈھونڈی فوٹو:فائل

MONZA: شہر قائد میں شدید گرمی کے باعث لوگوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے جبکہ گرمی کا زور توڑنے کے لئے لوگوں نے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھا دیا ہے۔

کراچی میں گزشتہ کئی روز سے درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے اور آج زیادہ سے درجہ حرارت 41 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، دن کے وقت شدید گرمی اور لو چلنے کی وجہ سے لوگوں کو اپنے کام کاج کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ گرمی کے ستائے شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر کا رخ کیا، مختلف پارکوں میں بھی شہریوں نے درختوں کے سائے میں پناہ ڈھونڈی، گرمی کی شدت کے باعث شہر میں مشروبات بیچنے والوں کی چاندی ہوگئی اور شہریوں نے کولڈڈرنک ، گولا گنڈا، لسی اور ستو کا شربت پی کر گرمی سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی۔

دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہری طویل لوڈشیڈنگ کے بھی دہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے اورشہر کے اکثرعلاقوں میں بغیروجہ بتائے لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں اضافہ کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اپریل کے آخر میں گرمی کی شدت میں اضافہ معمول کی بات ہے اور گرمی کی لہر آئندہ دو روز مزید جاری رہے گی جس کے بعد درجہ حرات میں 4 سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں سبزیوں کے ساتھ دہی کااستعمال انتہائی مفید ہے، گرمیوں میں لو (ہیٹ اسٹروک) جسم سے پانی اور نمکیات خارج ہونے کی وجہ سے لگتی ہے، ایسی صورت میں متاثرہ افرادکے لئے مشروبات اور لیمو پانی کا استعمال مفید ہوتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں