ایک میچ کی بنیاد پر ٹیسٹ چیمپئین شپ فائنل کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے آکاش چوپڑا

سابق بھارتی کرکٹر نے بھارت کی ناقص کارکردگی پر آئی سی سی کو نشانے پر رکھ لیا

سابق بھارتی کرکٹر نے بھارت کی ناقص کارکردگی پر آئی سی سی کو نشانے پر رکھ لیا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے ٹیسٹ چیمپئین شپ فائنل میں بھارت کی کارکردگی اچھی نہ ہونے کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو نشانے پر رکھ لیا۔

انگلینڈ کے تاریخی اوول گراؤنڈ میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا فائنل کھیلا جارہا ہے، پہلے روز کینگروز نے محض 3 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنا رکھے ہیں، ابتداء میں بھارتی بولرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے 200 سے زائد کی پارٹنرشپ قائم کرکے بھارت پر پریشر بڑھا دیا۔

اسٹیو اسمتھ 103 جبکہ ٹریوس ہیڈ 147 رنز پر بیٹنگ کررہے ہیں، بھارت کی جانب سے محمد شامی، محمد سراج اور شاردول ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کررکھی ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ فائنل؛ وسیم اکرم نے بھارت کو خبردار کردیا


سابق بھارتی کھلاڑی نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ میں محض ایک میچ رکھنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکام کو سوچنا ہوگا کہ 24 مہینوں پر مشتمل سرکل کے بعد ایک میچ سے چیپمئین ٹیم کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کو دنیا کی دوسری بڑی لیگ سمجھتا ہوں، آکاش چوپڑا

آکاش چوپڑا نے کہا کہ آئی سی سی کو چاہیے جو ٹیم مسلسل 2 سال ٹاپ پوزیش پر رہی اُسے ہی ٹرافی دے دیں۔

دوسری جانب سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے بھی سوال اُٹھایا کہ بھارتی ٹیم آئی پی ایل کے فوراً بعد ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے، آئی سی سی کو چاہیئے تھا کہ وہ بارڈر گواسکر ٹرافی کے دوران ہی فائنل کروادیتی۔

Load Next Story