نوجوانوں خواتین اور کسانوں کی ترقی کے انقلابی پروگرام بجٹ میں شامل

نوجوانوں کو قرضے، طلبا کو وظائف، خواتین کو بااختیار بنانے اور ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی کے منصوبوں کی منظوری دی گئی


ویب ڈیسک June 08, 2023
نوجوانوں کو قرضے، طلبا کو وظائف، خواتین کو بااختیار بنانے اور ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی کے منصوبوں کی منظوری دی گئی (فوٹو : فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کی ترقی کے انقلابی پروگرام کو بجٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بجٹ 2023-24ء میں نوجوانوں، خواتین اور زرعی ٹیوب ویلز سے متعلق خصوصی منصوبوں کے لیے رقم مختص کی گئی ہے جس کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرض ملیں گے، تعلیم، اسپورٹس انڈاؤمنٹ فنڈ بنائے جائیں گے۔

پنجاب انڈاﺅمنٹ فنڈ کی طرز پر ''پاکستان انڈاﺅمنٹ فنڈ برائے تعلیم'' قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، اس فنڈ سے ملک بھر کے ذہین لیکن غریب طلباء وطالبات کو وظائف دئیے جائیں گے۔

نوجوانوں کو چھوٹے قرض دینے کے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت مختلف ہنر سکھانے کے لیے وسائل بجٹ میں رکھے گئے ہیں، نوجوانوں کو ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی کے لیے رقم بھی بجٹ میں مختص کی گئی ہے۔

اسی طرح آئی ٹی کے شعبے میں نیا کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کی مالی مدد کی جائے گی، نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں لانے اور اسپورٹس سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے فنڈز مختص کر دئیے گئے۔

وزیراعظم کی جانب سے خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے کے پروگرام کے لیے بھی پروگرام کی منظوری دی گئی ہے۔

زراعت کے شعبے میں زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی پروگرام کی بھی منظوری دی گئی ہے، زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی وزیراعظم کے کسان پیکیج کے دوسرے حصے کے طور پر کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم سے وزیر خزانہ کی قیادت میں معاشی ٹیم کی ملاقات

دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں معاشی ٹیم نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو اقتصادی سروے برائے مالی سال 2022-23ء پیش کیا۔

ملاقات میں وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معاونین خصوصی طارق باجوہ، طارق پاشا اور وزارت خزانہ کے اہل کاروں نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کی گزشتہ ایک برس میں ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ حکومت کے چھوڑے گئے معاشی چیلنجز اور تاریخی سیلاب کے باوجود معاشی ٹیم کی ملکی معیشت کے لیے خدمات قابلِ ستائش ہیں، آئندہ بجٹ میں حکومت زرعی شعبے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدت پر خطیر سرمایہ کاری کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کو اعلی معیار کے بیج اور خودکار زرعی مشینری سے لیس کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ آئندہ بجٹ میں چھوٹے کسانوں کے لیے بلاسود قرضوں کے پروگرام میں توسیع کی جائے، فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کسانوں کو حکومت انعام سے بھی نوازے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں