لاہور ڈیڑھ سوکلو منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام تین ملزمان گرفتار
برآمدشدہ منشیات میں130 کلو 800 گرام چرس، 21 کلو 600 گرام افیون اور ایک کلوگرام ہیروئن شامل ہے، ترجمان اے این ایف
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف انٹیلیجنس اور اے این ایف لاہور نے کالاشاہ کاکو ٹول پلازہ، لاہور کے قریب شہزور گاڑی سے 153 کلو 400 گرام منشیات برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
برآمدشدہ منشیات میں130 کلو 800 گرام چرس، 21 کلو 600 گرام افیون اور ایک کلوگرام ہیروئن شامل ہے۔
گاڑی میں سوار دو ملزمان کا تعلق پشاور اور جنوبی وزیرستان سے ہے جن کی نشان دہی پر اے این ایف نے سبزی منڈی کے قریب چھاپہ مارا۔
چھاپے میں ایک رکشے سے مزید منشیات برآمد کرکے لاہور کے رہائشی رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمدشدہ منشیات لاہور، گوجرانولہ، حافظ آباد، جڑانوالہ اور نارووال اسمگل کی جانی تھی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔