کراچی میں سائٹ کے علاقے میں مکان پر دستی بم حملہ 2 افراد زخمی

دستی بم حملہ ٹرانسپورٹر حاجی درباز کے گھر پر کیا گیا، پولیس

فائرنگ کے واقعات نیو کراچی ایوب گوٹھ اور کٹی پہاڑی کے علاقے میں پیش آئے جس میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

BERLIN:
سائٹ کے علاقے میٹروول میں مکان پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم حملہ ٹرانسپورٹر حاجی درباز کے گھر پر کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معاملہ بھتا خوری کا لگتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی حملے کی اصل وجوہات معلوم ہوسکیں گی۔


دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں نیو کراچی اور کٹی پہاڑی میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ نیو کراچی ایوب گوٹھ میں پولیس چوکی کےقریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں موقع پر ہی ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے کٹی پہاڑی میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ کٹی پہاڑی پر ہی موجود آستانے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کےنتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت عبدالمجید کے نام سے ہوئی۔ فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کراچی میں دہشت گردی کی لہر نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی ہے، آج صبح فرنٹیئر کالونی میں دستی بم حملے میں بھی مدرسے کے 3 بچے جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے جبکہ ہفتہ کے روز بھی دہلی کالونی میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور دو درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story