باغ آزاد کشمیرضمنی انتخاب پیپلزپارٹی کامیاب ن لیگ کا دھاندلی کا الزام
مسلم لیگ ن دوسرے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی نشست ایل اے 15 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار نے میدان مار لیا جبکہ مسلم لیگ ن نے دھاندلی کا الزام عائد کردیا ہے۔
سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی باغ کی نشست ایل اے 15 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار 22619 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس 17 ہزار 321 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ پی ٹی آئی کے راجہ ضمیر 4 ہزار 603 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ضیا القمر 5 ہزار 257 کے فرق سے کامیاب قرار پائے ہیں۔
باغ کی نشست ایل اے 15 پر پولنگ صبح 8 سے شام پانچ بجے تک ہوئی، جس میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ آصف زرداری کی مبارک باد پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں الیکشن جیتنے پرپی پی پی آزاد جموں کشمیر کی قیادت اور امیدوار ضیا القمر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پر ایک مرتبہ پھراعتماد کرنے پرآزاد کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بلاول بھٹو کی مبارک باد پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ضمنی انتخابات میں فتح پر امیدوار ضیا القمر اور تمام کارکنان کو مبارک باد و شاباش دیتے ہوئے کہا کہ 'کراچی اور ملتان کے بعد آزاد کشمیر کے ضمنی انتخابات میں بھی تیر چل گیا'۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ضلع باغ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے جیالے امیدوار کو کامیاب کروایا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'پیپلزپارٹی نے کشمیر میں بھی ٹھپے لگانا شروع کردیے، دھاندلی نامنظور'۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے ن لیگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 'عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے لہذا اس کا احترام کیا جائے'۔