آسٹریلوی آندھی نے بھارتی بیٹرز کے قدم اکھاڑ دیے

ٹیسٹ فائنل میں 151 رنز کے دوران آدھی ٹیم میدان بدر، 318 کا خسارہ

ٹیسٹ فائنل میں 151 رنز کے دوران آدھی ٹیم میدان بدر، 318 کا خسارہ۔ فوٹو: گیٹی امیجز

ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں آسٹریلوی آندھی نے بھارتی ٹاپ آرڈر کے قدم اکھاڑدیے، دوسرے دن کے اختتام تک 151 رنز کے دوران آدھی ٹیم پویلین واپس پہنچ گئی۔

اوول میں جاری ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں بھارتی ٹاپ آرڈر آسٹریلوی اٹیک کا سامنا نہیں کرسکا، 71 رنز تک اس کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، کپتان روہت شرما 15 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے، شبمان گل کو بولینڈ نے 13 کے اسکور پر میدان بدر کیا، چتیشور پجارا 14 رنز بناکر سکے، انھیں کیمرون گرین نے بولڈ کیا۔

ویراٹ کوہلی بھی 14 ہی رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں اسٹارک نے اسمتھ کی مدد سے قابو کیا، اس موقع پر اجنکیا راہنے اور جڈیجا نے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی تاہم ناتھن لائن نے 48 کے انفرادی اسکور پر جڈیجا کو واپسی کا پروانہ تھمادیا، کیچ اسمتھ نے تھاما۔


یہ بھی پڑھیں: ایک میچ کی بنیاد پر ٹیسٹ چیمپئین شپ فائنل کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے، آکاش چوپڑا

جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو بھارت نے 151 رنز پر 5 وکٹیں گنوا چکا تھا، راہنے 29 اور سریکار بھارت 5 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی پہلی اننگز 469 رنز پر تمام ہوئی، اوورنائٹ جوڑی اسمتھ اور ٹریویس ہیڈ کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 285 رنز کی شراکت ہوئی، ٹریویس ہیڈ 163 اور اسمتھ 121 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، الیکس کیری نے بھی 48 رنز کا حصہ ڈالا۔ سراج نے 4 جبکہ شمی اور شردل نے 2، 2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story