بجٹ میں سپریم کورٹ کے لیے 3 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص
آئندہ مالی سال کے لیے عدالت عظمیٰ کے بجٹ میں 50 کروڑ سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے
وفاقی حکومت نے بجٹ برائے سال 24-2023 پیش کردیا ہے جس میں سپریم کورٹ کے لیے مختص رقم میں 50 کروڑ سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے سپریم کورٹ کا بجٹ 3 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ روپے تجویز کیا گیا ہے، جبکہ گذشتہ مالی سال میں عدالت عظمیٰ کے لیے 3 ارب 5 کروڑ 40 لاکھ 56 ہزار روپے رکھے گئے تھے۔
بجٹ میں سپریم کورٹ کے ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں 2 ارب 84 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ آپریٹنگ اخراجات کے لیے 40 کروڑ 59 لاکھ 64 ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔
ملازمین کی پینشن کے لیے 17 کروڑ 90 لاکھ 26 ہزار روپے اور گرانٹس اور سبسڈیز کی مد میں ایک کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئےہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق ساز و سامان کی خریداری کے لیے7 کروڑ 65 لاکھ 10 ہزار روپے اورمرمت اور دیکھ بھال کی مد میں 3 کروڑ20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔