موسیٰ کالونی میں آتشزدگی کے باعث 20 جھگیاں خاکستر 8 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا

6 بکریاں بھی جھلس کرمرگئیں،فائر بریگیڈ کے عملے نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا

موسیٰ کالونی؛ جھگیوں میں لگنے والی آگ کو فائر بریگیڈ کا عملہ بجھارہا ہے۔ فوٹو: پی پی آئی

موسیٰ کالونی کے قریب جھگیوں میں آگ لگ گئی جس سے 20 جھگیاں خاکستر ہوگئیں۔

آتشزدگی کے باعث 2 رکشا سمیت 8 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ 6 بکریاں بھی آگ کی زد میں آکر جھلس کر ہلاک ہوگئیں، فائر بریگیڈ نے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ، تفصیلات کے مطابق موسیٰ کالونی کے قریب ندی کے کنارے پر قائم جھگیوں میں گزشتہ روز آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تمام جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آگ کے شعلے آسمان سے باتی کرتے نظر آئے جس کے باعث علاقے میں دھوئیں کے بادل چھاگئے، واقعے سے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو آگاہ کیا گیا ، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی 2 فائر ٹینڈر روانہ کیے گئے لیکن آگ کی شدت کے باعث مزید 3 فائر ٹینڈر طلب کیے گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا۔




حکام کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد بی بلاک میں قائم نجی اسپتال کے قریب ندی کے کنارے کچرے میں کسی نے آگ لگادی تھی جس نے ہوا کے ساتھ جھگیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کی وجہ سے جھگیوں کے مکینوں کا جھگیوں میں رکھا تمام سامان خاکستر ہوگیا اور وہاں موجود تمام سامان راکھ میں تبدیل ہوگیا، فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ کی زد میں آکر 6 بکریاں بھی جھلس کر مرگئیں جبکہ 2 چنگ چی رکشا، 5 گاڑیاں اور ایک سوزوکی تباہ ہوگئی، آتشزدگی کے باعث مجموعی طور پر 20 جھگیاں خاکستر ہوگئیں ، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 5 گاڑیوں نے کام کرتے ہوئے 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
Load Next Story