سندھ بجٹ امن و امان کی بہتری کے لیے 160 ارب روپے مختص

گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے والے کیمرے نصب کیے جائیں گے، سندھ پولیس کو جدید آلات اور جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جائے گا


Staff Reporter June 10, 2023
(فوٹو : فائل)

سندھ حکومت نے امن و امان کی بہتری کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 160 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کردی، گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے والے کیمرے نصب کیے جائیں گے، سندھ پولیس کو جدید آلات اور جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی بجٹ تقریر کے مطابق سندھ میں امن و امان کی بہتری کے لیے نئے مال سال میں 160 ارب 84 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ بجٹ یہ رقم 152 ارب روپے تھی۔ فساد پر قابو پانے اور مشتعل ہجوم سے نمٹنے کے لے کراؤڈ منجمنٹ یونٹ کے لیے بھی رقوم مختص کی گئی ہیں۔

امن و امان کے شعبے میں غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 148 ارب روپے جبکہ ترقیاتی اخراجات کی مد میں 12.8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ نگرانی کے جدید آلات اور جدید ترین ہتھیاروں کی خریداری کے لیے بجٹ میں 2.79 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔


گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے کی صلاحیت رکھنے والے جدید کیمروں کی خریداری کے لیے 1.567 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ جرائم اور دہشت گردی کے واقعات کی سائنسی تفتیش کے لیے سندھ فارنزک لیبارٹری کو فعال بنانے کے لیے بجٹ میں 13 کروڑ 45 لاکھ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔


آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ریپڈ رسپانس فورس کے کردار کو مزید مستحکم کرتے ہوئے 3446 اہل کاروں پر مشتمل کراؤڈ منجمنٹ یونٹ تشکیل دیا جائے گا یہ یونٹ دنگا فساد، مشتعل ہجوم کو قابو کرے گا جس کے لیے بجٹ میں 8 کروڑ 14لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔


جیلوں کی صورتحال میں بہتری لانے کے لیے پریزن پالیسی مینجمنٹ بورڈ کے لیے بجٹ میں ایک کروڑ 55 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، جیل خانہ جات کی تکنیکی صلاحیتوں میں بہتری لانے کے لیے 46 کروڑ 34 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔


میرپورخاص میں ایپکس کورٹ کے قیام کے لیے 9 کروڑ 40 لاکھ روپے خرچ ہوں گے، ہائی کورٹ سرکٹ کورٹ میرپورخاص حال ہی میں قائم کی گئی ہے۔ انصاف کے حصول میں آسانی کے لیے سجاول ڈسٹرکٹ میں نئے سیشن کورٹ، سول کورٹ اور فیملی کورٹ کے قیام کے لیے 7 کروڑ 17 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔


کراچی میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ڈسٹرکٹ کیماڑی، کورنگی اور سانگھڑ میں نئے ریجنل دفاتر کے قیام کے لیے 8 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں