9 مئی جلاؤ گھیراؤ یاسمین راشد کا ریمانڈ منظور شاہ محمود کی ضمانت میں توسیع
عدالت نے گلبرگ عسکری پلازہ پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں یاسمین راشد کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گلبرگ عسکری پلازہ پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ عدالت نے شاہ محمود قریشی کی 27 جون تک ضمانت مںظور کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کیخلاف درج مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کی ایڈمن جج عنبر گلا خان نے سماعت کی۔
پولیس نے عسکری ٹاور حملہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل سے طلبی کی درخواست دائر کی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد گلبرگ عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث ہے، تفتیش کیلئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، ڈاکٹر یاسمین راشد تھانہ گلبرگ کے مقدمہ نمبر 1271/23 میں مطلوب ہے۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ ہر جیل میں تھی۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کی عدالت نے جناح ہاؤس اور گلبرگ پلازے میں توڑ پھوڑ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 27 جون تک منظور کرلی۔
عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے تین مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ سرور روڑ ،گلبرگ اور ریس کورس میں مقدمہ درج ہے۔