زندگی کا مقصد خوشیوں کا حصول ہے

زندگی کی تمام راحتیں، مسرتیں اور لذتیں ہمارے لیے حرام قرار دے دی گئی ہیں


Aftab Ahmed Khanzada June 11, 2023
[email protected]

اپنے بچوں کے قتل کے بعد ہیر ا کلس کہتا ہے ''میں مصائب سے کھچا کھچ بھرگیا ہوں اور اب مزید کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ''

مصائب انسان میں درد پیدا کرتے ہیں اور درد تکلیف کو جنم دیتے ہیں، اس لیے زندگی کے مسائل کو سمجھنے کیلئے تکلیف کے مفہوم کو جاننا ضروری ہوتا ہے۔

آج ہمارے سماج کا اذیت ناک المیہ ہے کہ لوگ اس طرح جی رہے ہیں جیسے یہ کوئی عادت ہو، ان کی ساری تگ ودو اب صرف اس بات کیلئے ہوتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح سانسیں برقرار رکھ سکیں وہ جینا بھول چکے ہیں زندہ رہنے کے مقصد کو فراموش کرچکے ہیں جبکہ دنیا کے تمام مفکرین، سقراط سے لے کر ولیم جیمز تک سب اس بات سے متفق ہیں کہ ہماری زندگی کا مقصد حصول مسرت ہے، خوشیوں کا حصول ہے۔

عظیم یہودی نفسیات دان وکٹر فرینکل کو نازیوں نے جنگ عظیم دوم میں جیل بھیج دیا۔ اس نے ایک بار کہا تھا '' انسان تمام تکالیف کو اٹھانے کے لیے تیار رہتا ہے، جب تک اسے اس کے مفہوم سے آگاہی رہے '' فرینکل نے دوران اسیری غیر انسانی تجربات پر بہت غوروفکرکیا کہ کیمپ کے ظالمانہ اور وحشیانہ تشدد کے باوجود آخر زندہ کیوں کررہتے ہیں جب اس نے قریب سے دیکھا کہ کون زندہ رہ سکا اورکون زندہ نہیں رہ سکا تو اس کی سمجھ میں یہ حقیقت آگئی کہ زندگی کا تعلق اس بات سے نہیں ہے کہ کون جوان ہے اور جسمانی قوت سے بھرپور ہے بلکہ اصل قوت مقصد میں ہوتی ہے۔

اس طرح اسے زندگی کا مفہوم معلوم ہوگیا تکلیف کے مفہوم کو سمجھنا ایک طاقتور طریقہ ہے جو ہماری کوششوں کے دوران مدد گار ہوتا ہے لیکن تکلیفوں کا مفہوم جاننا کوئی آسان کام نہیں۔ تکلیفیں عام طور پر یک بہ یک آتی ہیں غیر محسوس طریقے سے جس کا کوئی مفہوم نہیں ہوا کرتا، وہ حقیقی اور مثبت مفہوم سے عاری ہوتی ہیں اور جب ہم دکھ درد کے درمیانی عرصے میں ہوتے ہیں تو ہماری تمام ترکوشش یہ ہوتی ہے کہ ہم ان سے بچ سکیں۔

اس دوران ہم بہت ہی معمولی سی کوشش کر پاتے ہیں اور پھر ہم اپنے دکھ درد کو بلاوجہ اور نامنصفانہ سمجھتے ہوئے حیرت زدہ ہوجاتے ہیں کہ '' آخر میں کیوں '' سکون کے عرصے میں یعنی تکلیف کی شدت کے تجربے سے دوچار ہونے کے بعد ہم اپنی تکلیف کے متعلق سوچ سکتے ہیں تاکہ اس کے مفہوم کو سمجھ سکیں اور اس وقت اس کوشش کے دوران جب ہم تکلیف کا مفہوم جاننے کی کوشش کرتے ہیں تو اس مفہوم کی فصل کاٹتے ہیں، ہمیں اس مفہوم کو اس وقت تلاش کرنا چاہیے جب حالات بہتر ہوں،ایک ایسا درخت جس کی جڑیں زمین کے اندر مضبوطی سے گڑی ہوں بڑے بڑے طوفانوں کا مقابلہ کر سکتا ہے لیکن درخت کی جڑیں طوفان کی موجودگی میں اندر تک مضبوطی سے نہیں پھیل سکتیں۔

پھر ہمیں اپنی تکلیفوں کی وجہ معلوم کرنے کیلئے کہاں سے ابتدا کرنی چاہیے؟ بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ تلاش کی ابتداء اپنی مذہبی روایات سے کرنی چاہیے۔ گو مختلف مذاہب انسانی دکھ کی مختلف وجوہات گردانتے ہیں۔ تمام مذاہب اپنے نظریے کیمطابق انسانی تکلیفوں کے متعلق اس سے نبرد آزما ہونے کیلئے بنیادی طریقے اپناتے ہیں بد ھ مت اور ہند و دھرم کیمطابق ہمارے دکھ درد کی وجہ ہمارے ماضی کے غلط اعمال ہوتے ہیں۔ یہودیوں کی فقہ اور مذہبی رسومات کی کتاب '' تالمود '' میں کہا گیا ہے کہ ''سب کچھ خدا کرتا ہے اور ہماری وہ بہتری کیلئے کرتاہے۔''

اس بات کے امکانات بہت زیادہ ہیں کہ ہماری تکلیفیں ایک امتحان ، قوت اور زندگی کے گہر ے تجربات ہوں ایک بار ڈاکٹر لوتھرکنگ جونئیر نے کہا تھا ''جو مجھے تباہ نہیں کرسکا اس نے مجھے مضبوط کر دیا، جب آپ دکھ درد سے ٹکراتے ہیں تو قدرتی امر ہے کہ دکھ درد اکثر چیلنج بن جاتا ہے جس کے نتیجے میں ہمارے اندر اچھائیاں بھر جاتی ہیں The Third Man کتاب کے مصنف گراہم گرین نے مشاہدہ کیا کہ اٹلی میں تیس بر س تک BOR GiAS کے تحت رہ کر بھی جنگ وجدل، خوف و دہشت، قتل اور خون خرابے کا بازار گرم رکھا تھا لیکن لوگوں نے Leonardo Davinci, Michelan Angelo اور Renaissanceتخلیق کیے جبکہ سوئٹزرلینڈ میں پانچ سو سال تک برادرانہ محبت اور سکون رہا جمہوریت اور امن رہا لیکن انہوں نے کیا تخلیق کیا؟ صرف کوکو گھڑیاں۔

عظیم شاعر ولیم ورڈز ورتھ نے کہا تھا کہ '' سخت اذیت اور غم نے میری روح میں انسانی ہمدردی پیدا کردی۔'' بدھ مت کی ایک شاخ Mahayanaجو چین ، جاپان اور تبت میں رائج ہے، کہتے ہیں کہ اگرآپ بیمار پڑجائیں، درد میں مبتلا ہو جائیں یا دکھ میں تو آپ اسے ایک موقع جان کر سوچیے، کیا میری یہ تکالیف دوسری تمام ذی حیات کی تکلیفوں کا بدل ہوسکتی ہے، اس تجربے کے تحت کیا میں اس بات کا اہل ہوسکتا ہوں کہ دوسری ذی حیات کی ایسی تکلیفوں کا مداوا کرسکوں۔

مثال کے طور پر آپ صومالیہ کے ایک بھوکے بچے کا تصورکرسکتے ہیں اور محسوس کیجیے کہ اس منظرکو دیکھ کر آپ کا قدرتی رد عمل کیا ہوگا جب آپ تکلیف میں مبتلا بچے سے ہم آہنگی کے گہر ے جذبات محسوس کریں گے تو اس کی بنیاد یا وجہ یہ نہیں ہوگی کہ وہ میرا عزیز ہے بلکہ آپ تو اس بچے کو جانتے تک نہیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ وہ بچہ اور آپ خود بنی نوع انسان ہیں جب آپ یہ محسوس کریں گے کہ اس بچے میں اتنی اہلیت نہیں ہے کہ وہ خود کو موجودہ دشواری اور سخت کوشی سے نکال سکے تو پھر آپ ذہنی طور پر اس کے تمام دکھ ، درد ، غربت ، بھوک اور محرومی کے محسوسات خود لے لیں گے اور ذہنی طور پر اپنی آسانیاں، دولت اورکامیابیاں اس بچے کو دے دیں گے چنانچہ ایسی '' لینے اور دینے'' کی مشقوں کے تصورکرنے سے آپ اپنے ذہن کی تربیت کرسکتے ہیں، ایسی مشق کو وہ '' ٹانگلن '' مشق کہتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں یہ ہماری تکلیفیں ہیں جو بنیادی عنصرکی حیثیت میں ہمیں دوسروں سے جوڑے رکھتی ہیں، یہ وہ عامل ہے جو ہمیں دیگرزی حیات سے متحد رکھتا ہے۔ ڈاکٹر پال برانڈ کے مطابق زندگی کے مسائل کو سمجھنے کیلئے تکلیف کے مفہوم کو جاننا مفید ہوتا ہے، انہوں نے '' درد کی حفاظت '' کا تخلیقی تصور پیش کیا۔ ان کا خیال ہے کہ ہمیں درد محسوس ہونے سے قبل ہی اس کیلئے تیار رہنا چاہیے۔ ہم تکلیف کے تجربے کے اگر مشکور نہیں ہوسکتے لیکن درد کے ادراک کے سسٹم کے شکرگزار ہوسکتے ہیں۔

انسانی حیات کی ابتدا اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے شروع ہوتی ہے کہ دکھوں کی کوئی بھی حیثیت ہو، اس کا مقابلہ جواں مردی سے کیا جانا چاہیے۔ دوسری طرف ہم جس طرح اپنے دکھوں اور تکلیفوں کے آگے بے بس ہوگئے ہیں، ان سے لڑے بغیر ہار مان لی ہے وہ بحیثیت انسان ہمیں زیب نہیں دیتا۔ ہمارے دکھ اور تکلیفیں ہمارے استاد ہیں جو چیخ چیخ کر ہمیں کہہ رہے ہیں کہ زندگی کا واحد مقصد حصول مسرت ہے اور اسے حاصل کیے بغیر تمہارا مرنا جائزنہیں ہے۔ یہ سچ ہے کہ ہم دکھوں اور درد کی شدت سے نڈھال ہوچکے ہیں۔

زندگی کی تمام راحتیں، مسرتیں اور لذتیں ہمارے لیے حرام قرار دے دی گئی ہیں، ڈھونڈنے سے بھی آسانی کا کوئی راستہ نہیں مل پا رہا ہے۔ یہ بھی سچ ہے کہ ہم اپنی تمام تر ہمتیں ہار بیٹھے ہیں۔ بے بسی کی اس سے زیادہ آگے اورکوئی حد نہیں پائی جاتی ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ہمارے دکھوں اور تکلیفوں نے ہمیں وہ ہمت اور قوت عطا کردی ہے جو ابھی تک ہم نے اپنے اندر ڈھونڈی نہیں ہے، ہم سے پہلے بہت پہلے اور حال ہی میں بہت سی اور قوموں پر ہم سے زیادہ برا وقت آچکا ہے۔

ہم سے زیادہ تکلیفیں اور دکھ انہوں نے اٹھائے وہ بھی دکھ ، درد اور تکلیفوں سے نڈھال ہوچکے تھے، لیکن انہوں نے ان ہی میں سے اپنی زندگی کا حقیقی مقصد ڈھونڈ نکالا ۔ انہوں نے اپنے درد کی حفاظت کی اور اسی درد نے انہیں ان کی منزل تک پہنچنے میں مدد کی اور راہنمائی کی۔ ہمیں بھی اپنے درد کا شکرگزار ہونا چاہیے کیونکہ اگر درد نہ ہوتا تو ہمیں راحتوں ، مسرتوں اور لذتوں کی طرف جانے کا راستہ کون دکھاتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں