سندھ زرعی آمدن پرانکم ٹیکس کا ہدف پورا نہ ہوسکا

رواں مالی سال ہدف3ارب روپے رکھاگیاتاہم وصولی صرف90کروڑ روپے تک محدود رہی

حکومت موٹروہیکل ٹیکس کے ہدف کے علاوہ دیگرٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ فوٹو:فائل

سندھ حکومت زراعت سے حاصل ہونے والی آمدن پر انکم ٹیکس کا ہدف حاصل کرنے میں رواں مالی سال بھی ناکام رہی، کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا اور نہ ہی ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا۔

رواں مالی سال زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کا ہدف 3ارب روپے رکھا گیا تاہم وصولی صرف 90کروڑ روپے تک محدود رہی،آئندہ مالی سال کے لیے زراعت سے حاصل ہونے والی آمدن پر انکم ٹیکس کا ہدف 3ارب 63کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔

زراعت سے آمدن پر انکم ٹیکس کی وصولیاں پوٹینشل کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر رہیں تاہم دوسری جانب صوبائی ایکسائز (جس کا زیادہ تر حصہ بیئر اور شراب سمیت میڈیکل استعمال کے اسپرٹ کی فروخت سے حاصل ہوتاہے ) سے 8ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں،سندھ حکومت خدمات پر سیلز ٹیکس کی مد میں 180ارب روپے کے ہدف اور موٹروہیکل ٹیکس کے 14ارب روپے کے ہدف کے علاوہ دیگر بیشتر ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی.

یہ بھی پڑھیں: سندھ کا 2247 ارب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ


بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبائی ایکسائز میں اسپرٹ اور لکر (الکوحل مصنوعات) کی فروخت سے 5ارب 24کروڑ روپے کا ٹیکس وصول کیا گیا، طبی مقاصد کے لیے فروخت کی جانیو الی اسپرٹ سے ایک ارب 15کروڑ روپے وصول ہوئے، ایکسائز کے جرمانوں، خدمات پر ایکسائز اور اشتہارات پر ایکسائز کو ملاکر 8ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں تاہم 12ارب روپے کا ہدف حاصل نہ ہوسکا، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایکسائز ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف 12ارب 92کرو ڑروپے رکھا گیا ہے.

سندھ حکومت نے پراپرٹی رجسٹریشن کے ذریعے 80کروڑ روپے وصول کیے تاہم90کروڑ روپے کا ہدف حاصل نہ ہوسکا آئندہ مالی سال کا ہدف ایک ارب 32کروڑ روپے رکھا گیا ہے، سندھ حکومت کا لینڈ ریونیو ایک ارب روپے کے مقابلے میں 77کروڑ50لاکھ روپے رہا آئندہ سال کا ہدف ایک ارب 22کروڑ روپے رکھا گیا، پروفیشن ٹیکس کی مد میں ایک ارب روپے کی وصولی ہوئی آئندہ مالی سال کا ہدف ایک ارب 94کروڑ70لاکھ روپے رکھا گیا،خدمات پر صوبائی ٹیکس کا ہدف 180ارب روپے حاصل کرلیا گیا، آئندہ مالی سال کا ہدف 235ارب روپے مقرر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ بجٹ: امن و امان کی بہتری کے لیے 160 ارب روپے مختص

وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدف پورا ہونے اور مزید امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے 55ارب روپے کا اضافہ کیا، سندھ حکومت نے رواں مالی سال موٹروہیکل ٹیکس کی مد میں 14ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 14ارب 54کروڑ 40لاکھ روپے کا ٹیکس وصول کیا آئندہ مالی سال موٹر وہیکل ٹیکس وصولیوں کا ہدف 15ارب54کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔

حکومت نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ہے اور نہ ہی کسی ٹیکس کی شرح میں ردوبدل کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اگلے مالی سال کے دوران معاشی سرگرمیوں کی بحالی سے زیادہ ٹیکس جمع ہونے کی امید کر رہی ہے۔
Load Next Story